اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ڈونلڈ ٹرمپ کے تارکین وطن کے خلاف الزامات سے متاثر ہو کر ایک امریکی شہری نے شہر کو بم سے اڑانے کی دھمکی دیدی ۔ اسپرنگ فیلڈ، اوہائیو میں حکام نے کہا کہ ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ہیٹی کے تارکین وطن کے بارے میں جھوٹے الزامات کے بعد انہیں بم کی دھمکیاں موصول ہوئیں۔اسپرنگ فیلڈ کے میئر نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ دھمکیاں ایک مقامی شہری نے شہر میں تارکین وطن کی بڑھتی ہوئی تعداد پر اپنا غصہ ظاہر کرنے کے لیے دی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری کی جانب سے دھمکیاں ملنے کے بعد میونسپل حکام نے شہر کے ٹاؤن ہال کو خالی کرا لیا تھا۔
واضح رہے کہ ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کملا ہیرس کے ساتھ پہلے مباحثے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے دائیں بازو کے انتہا پسندوں کا موقف بڑھاتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ہیٹی کے تارکین وطن اسپرنگ فیلڈ میں لوگوں کے پالتو جانور چرا کر کھا رہے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے تارکین وطن کو ڈرانے اور خوفناک تصویر کشی کے اپنے پرانے انداز کو جاری رکھتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ ہیٹی کے مہاجرین امریکی شہریوں کے کتوں اور بلیوں کو چوری کرکے کھا رہے ہیں۔