اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے اور ملک کو ڈیفالٹ سے محفوظ بنایا گیا ہے۔
ملاں پور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح صرف ایک یا ڈیڑھ کلومیٹر سڑکوں کے افتتاح پر اکتفا نہیں کیا جا رہا بلکہ 29.5 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیرِ نو کا منصوبہ مکمل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ علاقے کے تمام دیہات کو گیس کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ مقامی آبادی کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر سطح کا ہسپتال بھی قائم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے نتائج کچھ بھی ہوں، عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری ہے۔
رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا کہ 2018 کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کامیاب ہوئی تھی، تاہم ہارنے والے سیاسی عناصر پانچ سال تک عوام سے دور رہے۔
انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک کی خدمت کی ہے۔
ملکی دفاع کے حوالے سے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان کو دنیا میں عزت اس کی ایٹمی صلاحیت کی وجہ سے حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں "معرکۂ حق” میں کامیابی حاصل کی، جسے پوری دنیا نے تسلیم کیا، جبکہ ان کے بقول بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اس شکست کے بعد منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔
سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی عناصر نے ملک میں گالم گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا، مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں اور ان پر منشیات کا جھوٹا مقدمہ بھی بنایا گیا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ انہوں نے کبھی کسی منشیات فروش، چور یا قاتل کی سفارش نہیں کی اور نہ ہی کسی کو تشدد پر اکسایا۔ ان کے مطابق آج ان کے مخالفین جن مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، وہ ان کے اپنے اعمال کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو گزشتہ تیس برس تک دہشت گردی سے جوڑا جاتا رہا، تاہم اب پہلی مرتبہ دنیا پاکستان کو امن کے قیام میں کردار ادا کرنے والا ملک قرار دے رہی ہے۔
مشیر وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ ایرانی قیادت اور امریکی حکام بھی مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ انہوں نے عالمی امن کے لیے کردار ادا کیا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت جنگ بندی کے معاملے پر کوئی سیاسی فائدہ نہیں اٹھانا چاہتی بلکہ عوامی فلاح اس کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق ایران پر پابندیاں ختم ہونے اور وہاں سے تیل کی فراہمی بحال ہونے کے بعد عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا، تاہم اب اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی اور حکومتی کامیابیوں کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔
تقریب کے اختتام پر رانا ثناء اللہ نے ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر متعلقہ ٹھیکیدار نے سڑک معیاری انداز میں تعمیر نہ کی تو اسے آئندہ کسی بھی منصوبے کی ٹھیکیداری نہیں دی جائے گی۔