راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 14 رنز سے شکست دے دی۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 352 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں قومی ٹیم 47.4 اوورز میں 337 رنز ہی بنا سکی۔ پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں
ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ وکٹیں کس بائولر نے لیں؟
آسٹریلیا کے خلاف میچ میں پاکستان کی اوپننگ جوڑی ایک بار پھر ناکام ہوگئی۔ فخر زمان 22 اور امام الحق 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ عبداللہ شفیق 12 اور شاداب خان 9 رنز ہی بنا سکے۔پاکستان کے 83 کے مجموعی سکور پر چار وکٹیں گر گئیں جس کے بعد افتخار احمد اور بابر اعظم نے ٹیم کو سہارا دیا۔
افتخار احمد 83 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ بابر اعظم 90 رنز بنانے کے بعد ریٹائر ہو گئے۔ محمد نواز نے نصف سنچری اسکور کی جس کے علاوہ کوئی اور پاکستانی کھلاڑی قابل ذکر رنز نہ بنا سکا۔آسٹریلیا کی جانب سے مارینس لیبوشگن نے 3، پیٹ کمنز اور مچل مارش نے 2، 2 جب کہ گلین میکسویل اور شان ایبٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنائے۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے 83 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم وارنر 48 رنز بنانے کے بعد وکٹ گنوا بیٹھے جب کہ مچل مارش 31 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں اسٹیو اسمتھ 27، ایلکس کیری 11 اور مارنز لابوشین نے 40 رنز بنائے۔
مزید پڑھیں
ورلڈ کپ ، امپائرز اور ریفریز کا تقرر ،پاک بھارت میچ میں امپائر کون ہوگا؟
گلین میکسویل نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 71 گیندوں پر 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 77 رنز بنائے جبکہ جوش انگلز نے 30 گیندوں پر 48 رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے اسامہ میر نے 2 جبکہ محمد وسیم جونیئر، شاداب خان، محمد نواز اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ وہ ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع دینے کی کوشش کریں گے۔
کینگروز کے خلاف میچ کے لیے شاداب خان کو کپتانی سونپی گئی۔ ٹاس کے موقع پر کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ کوشش ہو گی کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں شاندار کم بیک کریں اور تمام شعبوں میں بہترین پرفارمنس دیں۔دوسرے وارم اپ میچ میں کپتان بابر اعظم بیٹنگ کے لیے آئے لیکن فیلڈنگ کے لیے دستیاب نہیں تھے۔ اسی طرح محمد رضوان کی جگہ محمد حارث کو موقع دیا گیا۔