اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز) کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے ایک سینما نے نئی فلم کی نمائش اس وقت منسوخ کردی جب فلم کے ڈسٹری بیوٹر نے اچانک سینما کو فلم فراہم کرنے سے انکار کردیا۔
ڈاؤن ٹاؤن ٹورنٹو میں واقع کارلٹن سینما نے کینیڈین ہدایت کار میٹ جانسن کی نئی فلم ’ٹونی‘ کی نمائش کے لیے پہلے ہی ٹکٹ فروخت کر دیے تھے، تاہم بعد میں ڈسٹری بیوٹر A24 نے فلم فراہم کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔
فلم واپس لینے کی وجہ
امیجن سینماز، جو کارلٹن کا مالک ہے، کے ڈائریکٹر آپریشنز اسٹیفن کرن کے مطابق ڈسٹری بیوٹر نے بتایا کہ فلم کو ’کلیئرنس ایشو‘ کے باعث واپس لیا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق کلیئرنس سے عموماً مراد یہ ہوتی ہے کہ قریبی علاقے میں کوئی دوسرا سینما پہلے ہی فلم دکھا رہا ہو اور ڈسٹری بیوٹر اسی وجہ سے دوسرے سینما کو فلم فراہم نہ کرے۔
تیسری فلم بھی منسوخ
اسٹیفن کرن کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب ان کے سینما کو اس صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ عرصے میں یہ تیسری فلم ہے جس کی نمائش سے انہیں محروم کیا گیا ہے۔
کئی دہائیوں پرانا نظام
کینیڈین سینما انڈسٹری میں موجود اس غیر رسمی طریقہ کار کو ’زون سسٹم‘ کہا جاتا ہے، جس کے تحت کسی علاقے میں نئی فلم کی نمائش کے لیے بعض اوقات صرف ایک سینما کو ترجیح دی جاتی ہے۔
نیٹ ورک آف انڈیپنڈنٹ کینیڈین ایگزیبیٹرز کی ڈائریکٹر سونیا یوکوٹا ولیم کے مطابق اس نظام کی جڑیں اس دور میں ہیں جب فلموں کی محدود تعداد میں پرنٹس تیار ہوتے تھے اور سینما مالکان نئی فلم حاصل کرنے کے لیے مقابلہ کرتے تھے۔ان کے مطابق ڈیجیٹل دور آنے کے باوجود یہ طریقہ کار ختم نہیں ہوا۔
سینی پلیکس پر الزام
سونیا یوکوٹا ولیم کا کہنا ہے کہ موجودہ نظام سے سب سے زیادہ فائدہ کینیڈا کے بڑے سینما گروپ سینی پلیکس کو پہنچتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :ٹورنٹو ریپٹرز کا کائل لوری کو بڑا اعزاز، نمبر 7 جرسی ریٹائر کرنے کا اعلان
ان کے مطابق سینی پلیکس ملک کے باکس آفس ریونیو کا تقریباً 75 فیصد حاصل کرتا ہے جبکہ کینیڈا کی تقریباً 2 ہزار 700 سنیما اسکرینز میں سے نصف سے زیادہ اس کمپنی کے پاس ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں سینی پلیکس کی بڑی موجودگی نے ڈسٹری بیوٹرز کے لیے نئی فلموں کی تقسیم کے حوالے سے ترجیحات تبدیل کردی ہیں۔
آزاد سینما مشکلات کا شکار
2024 میں آزاد سینما گھروں کی تنظیم کی جانب سے کیے گئے ایک سروے میں نصف سے زیادہ آزاد سینما مالکان نے بتایا کہ انہیں قریبی سینی پلیکس میں نئی فلم کی مکمل نمائش ختم ہونے تک انتظار کرنا پڑا، جس کے بعد انہیں فلم دکھانے کی اجازت ملی۔
تنظیم کے مطابق اس عمل سے آزاد سینما گھروں کے لیے نئی فلموں کی نمائش اور کاروباری طور پر مقابلہ کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
سینی پلیکس نے ذمہ داری ڈسٹری بیوٹرز پر ڈال دی
سینی پلیکس نے زون سسٹم یا کارلٹن میں ’ٹونی‘ کی نمائش منسوخ ہونے پر براہ راست تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ فلم کہاں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، اس کا فیصلہ فلم ڈسٹری بیوٹرز کرتے ہیں۔
اس وقت ’ٹونی‘ کارلٹن سینما کے قریب واقع سینی پلیکس کی دو شاخوں میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔
A24 نے جواب نہیں دیا
فلم کے ڈسٹری بیوٹر A24 نے اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ اس نے ابتدا میں کارلٹن کو ’ٹونی‘ کی نمائش کی اجازت کیوں دی تھی اور بعد میں فیصلہ تبدیل کرنے کی اصل وجہ کیا تھی۔امیجن سینماز نے بھی سینی پلیکس کا براہ راست نام لینے سے گریز کیا۔
کمپیٹیشن بیورو سے شکایت کی اپیل
امیجن سینماز نے فلم کی منسوخ شدہ نمائش پر جاری بیان میں صارفین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے تحفظات A24، فلم کے ہدایت کار میٹ جانسن یا کینیڈا کے کمپیٹیشن بیورو تک پہنچائیں۔
بیان میں کینیڈا میں فلموں کی تھیٹرز تک تقسیم کے دوران مبینہ غیر منصفانہ کاروباری طریقوں کے خلاف شکایت درج کرانے کی اپیل کی گئی۔
حکومت سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ
کینیڈین کمپیٹیشن بیورو نے یہ تصدیق نہیں کی کہ آیا وہ زون سسٹم سے متعلق کسی شکایت کا جائزہ لے رہا ہے۔
سونیا یوکوٹا ولیم کا کہنا ہے کہ فلم سازوں، پروڈیوسرز، فنڈنگ اداروں اور حکومت کو اس معاملے پر آواز اٹھانی چاہیے تاکہ کئی دہائیوں سے جاری اس طریقہ کار کے بارے میں آگاہی بڑھے اور اسے ختم کرنے کی راہ ہموار ہو۔
