اسلام آباد (اردو ورلڈ کینیڈا) ویب نیوز: پمز اسپتال میں پیش آنے والے دلخراش واقعے نے کئی خاندانوں کی دنیا اجاڑ دی۔ نرسری میں آگ لگنے کے بعد معصوم بچوں کی ہلاکت نے والدین کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا، جبکہ واقعے کے بعد اسپتال کے انتظامات اور حفاظتی اقدامات پر بھی سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔
واقعے کے بعد سامنے آنے والے والدین کے بیانات نے سانحے کی شدت کو مزید واضح کر دیا ہے۔ ایک غمزدہ باپ نے بتایا کہ چار سال کے انتظار کے بعد اللہ تعالیٰ نے اسے بیٹے کی نعمت عطا کی تھی، لیکن چند ہی لمحوں میں وہ اس سے محروم ہوگیا۔
والد کا کہنا تھا کہ جب نرسری میں آگ بھڑکی تو وہ اپنے بچے کو بچانے کے لیے بے قرار ہوگیا۔ اس کے مطابق وہ انتظار کرتا رہا کہ کوئی دروازہ کھولے گا، لیکن باہر کوئی موجود نہیں تھا۔ نرسری کا دروازہ بند تھا اور اندر اس کا بیٹا موجود تھا۔
والد نے بتایا کہ اس نے خود دروازے کا تالا توڑا اور اندر داخل ہوگیا۔ آگ کے شعلوں نے اسے باہر دھکیل دیا، لیکن وہ اپنے بچے اور دیگر بچوں کو بچانے کے لیے دوبارہ اندر گیا۔ اس کے بقول اس نے اپنے ہاتھوں سے چار سے پانچ جھلسے ہوئے بچوں کو باہر نکالا۔
https://www.instagram.com/reel/Dcf26mPoCik/?igsi=YzAyMDM1MGJkZA%3D%3D
ایک باپ کے یہ الفاظ اس سانحے کی ہولناکی بیان کرنے کے لیے کافی ہیں۔ جس شخص نے چار سال تک اپنے بچے کا انتظار کیا، اسے بالآخر اپنے ہی ہاتھوں سے آگ میں گھرے بچوں کو نکالنا پڑا۔
دوسری جانب ایک متاثرہ بچے کی والدہ کے بیان نے بھی کئی سوالات پیدا کر دیے ہیں۔ والدہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں مبینہ طور پر پیسے نہ دینے کی صورت میں ڈاکٹر مناسب توجہ نہیں دیتے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ وہ آپریشن تھیٹر نہیں جانا چاہتی تھیں، تاہم انہیں مبینہ طور پر آپریشن کے لیے بھیجا گیا اور انہیں یہ خوف تھا کہ اگر انہوں نے آپریشن نہ کروایا تو انہیں اسپتال سے باہر کردیا جائے گا اور دوبارہ چیک نہیں کیا جائے گا۔
والدہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بچے کی جان بچانے کی امید میں آپریشن تھیٹر چلی گئیں، لیکن اب ان کا بچہ ان کے پاس نہیں ہے۔ شدید صدمے کی حالت میں ان کی زبان پر صرف ایک ہی مطالبہ تھا:
https://www.instagram.com/reel/Dcf6UnpoB3J/?igsi=YzAyMDM1MGJkZA%3D%3D
"مجھے میرا بچہ دے دو، ورنہ میں یہیں بیٹھی رہوں گی۔”
واقعے کے بعد سب سے اہم سوال پمز انتظامیہ سے متعلق اٹھ رہا ہے۔ والدین اور متاثرہ خاندان یہ جاننا چاہتے ہیں کہ اگر نرسری میں آگ لگنے کے وقت دروازے بند تھے تو ہنگامی صورت حال میں بچوں تک فوری رسائی کا انتظام کیوں نہیں تھا؟
ریسکیو آپریشن کے دوران اگر والدین خود دروازے توڑنے اور بچوں کو نکالنے پر مجبور ہوئے تو اسپتال کا ایمرجنسی رسپانس سسٹم کہاں تھا؟
یہ سوال صرف ان خاندانوں کا نہیں بلکہ ہر اس والدین کا ہے جو اپنے نومولود بچے کو علاج کے لیے اسپتال کے حوالے کرتا ہے۔
اس سانحے میں جان سے جانے والے بچے واپس نہیں آسکتے، لیکن متاثرہ خاندانوں کو انصاف اور ان سوالات کے واضح جواب ضرور ملنے چاہئیں۔
پمز انتظامیہ کو یہ واضح کرنا ہوگا کہ آتشزدگی کے وقت حفاظتی انتظامات کیا تھے، دروازے کیوں بند تھے، ریسکیو میں رکاوٹیں کیوں پیدا ہوئیں اور مستقبل میں ایسے سانحات کو روکنے کے لیے کیا اقدامات کیے جائیں گے۔
معصوم بچوں کی جانیں کسی بھی انتظامی غفلت سے زیادہ قیمتی ہیں۔ اس واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کا تعین اب وقت کی اہم ضرورت ہے۔
