اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وفاقی آئینی عدالت نے خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی نااہلی سے متعلق درخواست غیر مؤثر ہونے پر نمٹا دی۔
چیف جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد سہیل آفریدی اب وزیراعلیٰ کے عہدے پر نہیں رہے، اس لیے موجودہ صورت حال میں یہ مقدمہ محض ایک علمی سوال کی حد تک رہ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :سہیل آفریدی حفاظتی تحویل میں ہیں،انہیں گرفتار نہیں کیا گیا،عطا تارڑ
سہیل آفریدی کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ حالیہ آئینی اور انتظامی پیش رفت کے بعد وزیراعلیٰ کے خلاف دائر درخواست پر مزید کارروائی نہیں چل سکتی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر مستقبل میں سہیل آفریدی دوبارہ وزیراعلیٰ کے عہدے پر بحال ہوئے تو درخواست گزار شیر افضل مروت درخواست کی بحالی کے لیے عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔
شیر افضل مروت کی استدعا
سماعت کے دوران درخواست گزار شیر افضل مروت نے عدالت کو بتایا کہ وہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کو بھی چیلنج کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے استدعا کی کہ سہیل آفریدی کے خلاف دائر درخواست پر انہیں مختصر التوا دے دیا جائے تاکہ وہ آئندہ قانونی کارروائی کرسکیں۔
اس پر جسٹس باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ ایمرجنسی اور گورنر راج کا نفاذ الگ معاملہ ہے، جبکہ سہیل آفریدی کے خلاف موجودہ مقدمہ اب قابلِ سماعت زندہ معاملہ نہیں رہا۔
شیر افضل مروت نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر ایمرجنسی اور گورنر راج ختم ہوجاتے ہیں تو سہیل آفریدی دوبارہ اپنے عہدے پر بحال ہوسکتے ہیں۔ چیف جسٹس امین الدین خان نے جواب دیا کہ فی الحال سہیل آفریدی وزیراعلیٰ نہیں ہیں، تاہم ان کی بحالی کی صورت میں درخواست گزار الگ متفرق درخواست دائر کرکے مقدمہ دوبارہ بحال کرانے کی استدعا کرسکتے ہیں۔عدالت نے انہی وجوہات کی بنا پر درخواست کو غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دیا۔
درخواست میں کیا استدعا کی گئی تھی؟
واضح رہے کہ شیر افضل مروت کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ علی امین گنڈاپور سے مبینہ طور پر زبردستی لیے گئے استعفے اور سہیل آفریدی کی تقرری کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کالعدم کیا جائے۔ درخواست گزار نے علی امین گنڈاپور کو دوبارہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عہدے پر بحال کرنے کی بھی استدعا کی تھی۔
