ناٹنگھم فاریسٹ کا انجریز سے بچاؤ کے لیے جدید بلڈ ٹیسٹ کا تجربہ شروع

اردو رلڈ کینیڈا (ویب نیوز ) ناٹنگھم فاریسٹ نے گلاسگو کی بائیوٹیکنالوجی کمپنی اینٹوریج کے اشتراک سے 12 ہفتوں پر مشتمل تحقیقی مطالعہ شروع کیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں کلب کی 25 کھلاڑیوں پر مشتمل مردوں کی بی ٹیم کے فٹبالرز اس تجربے میں حصہ لیں گے۔
اس تحقیق کے دوران کھلاڑیوں کے خون کے نمونے ہفتے میں دو مرتبہ حاصل کیے جائیں گے، جن کا تجزیہ کرکے ہزاروں پروٹینز کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس عمل سے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ ٹریننگ، میچز، جسمانی مشقت، انجری اور صحت یابی کے دوران کھلاڑیوں کے جسم میں کیا تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔
خون کے پروٹینز سے انجری کا خطرہ جانچنے کی کوشش
تحقیق کے نتائج کا کھلاڑیوں کے ٹریننگ ریکارڈ، ورک لوڈ اور طبی معلومات سے موازنہ کیا جائے گا تاکہ خون میں پروٹینز کے مخصوص پیٹرنز کی مدد سے ممکنہ انجری کی پیشگی نشاندہی کی جاسکے۔
محققین بالخصوص یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ آیا یہ ٹیکنالوجی بغیر کسی بیرونی ٹکراؤ کے ہونے والی پٹھوں اور نرم بافتوں کی انجریز کے خطرے کی نشاندہی کرسکتی ہے یا نہیں۔
اس ٹیکنالوجی کے تیار کرنے والوں کا دعویٰ ہے کہ مستقبل میں اس کی مدد سے پیشہ ور کھلاڑیوں کے کیریئر کو طویل بنانے اور انہیں 40 سال کی عمر کے بعد بھی کھیل جاری رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ہیمسٹرنگ انجریز فٹبال کے لیے بڑا چیلنج
یوئیفا کی رپورٹ کے مطابق 2021-22 کے سیزن میں انجریز کے باعث کھلاڑیوں کے ضائع ہونے والے کھیل کے دنوں میں سے ہر پانچ میں سے ایک دن ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے تھا۔ یہ شرح دو دہائیاں قبل کے مقابلے میں دوگنی ہوچکی تھی۔
انگلش پروفیشنل فٹبال میں ہونے والی ایک علیحدہ تحقیق کے مطابق ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ایک کھلاڑی اوسطاً 19 دن تک کھیل سے باہر رہتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر جدید بلڈ ٹیسٹ کے ذریعے انجری کے خطرات کی بروقت نشاندہی ممکن ہوگئی تو فٹبال کلبز کھلاڑیوں کی ٹریننگ، آرام اور جسمانی بحالی کے معمولات کو بہتر انداز میں ترتیب دے سکیں گے۔ تاہم اس ٹیکنالوجی کی افادیت ثابت کرنے کے لیے مزید تحقیق اور تجربات درکار ہوں گے۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]