اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے عراق کے نئے وزیراعظم علی الزیدی کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ اپنے بھائی علی الزیدی کو عراق کا وزیراعظم منتخب ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان عراق کی نئی حکومت کے ساتھ قریبی اور تعمیری تعاون جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام کریں گے۔
شہباز شریف نے نئے عراقی وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ دنوں میں پاکستان اور عراق کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔