15 سال میں پہلی بار کینیڈین بجٹ میں غیر ملکی امداد کا ذکر تک نہیں، انیتا آنند کی وضاحت سامنے آگئی

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کی وفاقی حکومت کے نئے بجٹ میں 15 سال سے زائد عرصے بعد پہلی مرتبہ غیر ملکی امداد اور بین الاقوامی ترقیاتی تعاون کا کوئی ذکر شامل نہیں کیا گیا، جس پر کینیڈا کی امدادی تنظیموں اور فلاحی اداروں نے شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اپنی آئندہ خارجہ پالیسی میں امدادی ترجیحات واضح کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

وزیراعظم مارک کارنی کی حکومت کی جانب سے جمعرات کو پیش کیے گئے وفاقی بجٹ میں بین الاقوامی امداد، غیر ملکی معاونت اور عالمی ترقیاتی منصوبوں سے متعلق کوئی پالیسی یا مالیاتی اعلان شامل نہیں کیا گیا۔

کینیڈین پریس کی جانب سے 2010 سے اب تک پیش کیے گئے وفاقی بجٹ دستاویزات کا جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ ان تمام بجٹ میں بین الاقوامی امداد اور ترقیاتی تعاون سے متعلق اصطلاحات کا ذکر موجود تھا، تاہم موجودہ بجٹ اس حوالے سے گزشتہ 15 سال سے زائد عرصے میں پہلا بجٹ ہے جس میں ان شعبوں کا کوئی ذکر نہیں ملتا۔

کینیڈا میں بیرون ملک سرگرم بیشتر امدادی تنظیموں کی نمائندگی کرنے والے اتحاد کوآپریشن کینیڈا کی سربراہ کیٹ ہیگنز نے بجٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دستاویز میں بین الاقوامی ترقیاتی تعاون اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تقریباً مکمل خاموشی اختیار کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو اس وقت سنگین انسانی اور عالمی بحرانوں کا سامنا ہے اور ایسے حالات میں بین الاقوامی امداد کو نظرانداز کرنا درست حکمت عملی نہیں۔

چار سال میں 2.7 ارب ڈالر امداد کم کرنے کا منصوبہ برقرار رہنے کا خدشہ

کیٹ ہیگنز کے مطابق امدادی شعبے سے وابستہ تنظیمیں یہ سمجھ رہی ہیں کہ وفاقی حکومت گزشتہ سال اعلان کردہ اس منصوبے پر عمل جاری رکھے گی جس کے تحت آئندہ چار سال کے دوران غیر ملکی امداد میں 2.7 ارب ڈالر کی کمی کی جانی ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ امدادی تنظیموں کو اس بات پر اطمینان ہے کہ نئے بجٹ میں مزید کٹوتیوں کا اعلان نہیں کیا گیا۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی ترقیاتی فنڈنگ کی اہمیت کو تسلیم کرے، کیونکہ یہ امداد دنیا کے مختلف حصوں میں انسانی بحرانوں سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ان کے مطابق غزہ میں فلسطینی عوام کی سنگین انسانی صورتحال اور جمہوریہ کانگو میں ایبولا وائرس کے پھیلاؤ جیسے بحرانوں سے نمٹنے کے لیے عالمی امدادی تعاون انتہائی ضروری ہے۔

کیٹ ہیگنز کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی ترقیاتی تعاون دراصل ان ہی ترجیحات کو آگے بڑھاتا ہے جنہیں کینیڈین حکومت دفاع، عالمی استحکام، سفارت کاری، معاشی شراکت داری، تجارتی تنوع اور جمہوریت و انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اہم قرار دیتی ہے۔

خارجہ پالیسی کے نئے جائزے سے امیدیں وابستہ

امدادی تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رواں ماہ متوقع نئی خارجہ پالیسی کے جائزے میں بین الاقوامی ترقیاتی امداد اور انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں کے حوالے سے واضح حکمت عملی پیش کی جائے۔

کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے جمعے کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ خارجہ پالیسی سے متعلق تازہ حکمت عملی آئندہ چند ہفتوں میں سامنے آئے گی، جس میں ترقیاتی امداد کے حوالے سے حکومت کا مؤقف بھی شامل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ گلوبل افیئرز کینیڈا کے لیے ترقیاتی امداد ایک اہم ترجیح ہے اور اسی سال کیوبا، لبنان، غزہ اور سوڈان سمیت مختلف علاقوں کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کی گئی ہے۔

اقوام متحدہ نے بجٹ سے چند روز پہلے کینیڈا کو انسانی ہمدردی کا عالمی طاقتور ملک قرار دیا تھا

دلچسپ امر یہ ہے کہ بجٹ پیش ہونے سے صرف چار روز قبل اقوام متحدہ کے عالمی انسانی امدادی امور کے سربراہ ٹام فلیچر نے کینیڈا کو دنیا کے کمزور اور ضرورت مند طبقات کے لیے ایک بڑی انسانی ہمدردی کی طاقت قرار دیا تھا۔

انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ کینیڈا عالمی امدادی سرگرمیوں میں اپنا کردار برقرار رکھے گا۔تاہم بجٹ میں غیر ملکی امداد کا ذکر نہ ہونے پر مختلف امدادی اداروں نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

غربت کے خاتمے کے لیے کام کرنے والی تنظیم رزلٹس کینیڈا نے بجٹ جاری ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک پچکے ہوئے غبارے کی تصویر شیئر کی۔

یہ بھی پڑھیں :امریکی صدر نے پاکستان کیلئے امداد کی درخواست کی ہے،ڈونلڈ لو

تنظیم کی پالیسی ڈائریکٹر لنڈسے شیریڈن نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے بجٹ میں بین الاقوامی امداد، ویکسین، تپ دق اور دیگر اہم انسانی مسائل سے متعلق معلومات تلاش کیں، لیکن انہیں دستاویز میں ان موضوعات پر کوئی واضح ذکر نہیں ملا۔

ان کا کہنا تھا کہ تنظیم کو امید تھی کہ اس بجٹ کے ذریعے حکومت اپنی آئندہ پالیسی اور عالمی امدادی ترجیحات کے حوالے سے کچھ وضاحت فراہم کرے گی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔

یونیسف اور دیگر تنظیموں کا بھی حکومت سے مطالبہ

یونیسف کینیڈا نے بھی بجٹ پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی خطرات اور غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات میں کم از کم بین الاقوامی ترقیاتی امداد کی اہمیت کا ذکر ضرور ہونا چاہیے تھا۔

تنظیم کے مطابق بین الاقوامی امداد بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے اور ان کی بہتر نشوونما میں مدد دیتی ہے، جبکہ صحت، تعلیم اور تحفظ کے نظام کو مضبوط بنا کر پُرامن اور مستحکم معاشروں کی بنیاد بھی فراہم کرتی ہے۔

افریقی ممالک کے ساتھ شراکت داری کے لیے سرگرم ون کمپین نے بھی کینیڈین حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی صحت اور انسانی امدادی سرمایہ کاری کے تحفظ کے لیے سالانہ 5.5 ارب ڈالر ترقیاتی امداد مختص کی جائے۔

تنظیم نے زور دیا کہ کینیڈا اپنے ترقیاتی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے اداروں کو اس انداز میں ہم آہنگ کرے کہ افریقی ممالک کے ساتھ مشترکہ اور باہمی فائدے پر مبنی شراکت داری کو فروغ مل سکے۔

پارلیمانی کمیٹی بھی امدادی اخراجات کی شفافیت پر زور دے چکی

کینیڈا کی ہاؤس آف کامنز کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے بھی حکومت کو سفارش کی تھی کہ بجٹ میں یہ واضح کیا جائے کہ کینیڈا کی امدادی رقوم کہاں خرچ ہو رہی ہیں اور فنڈنگ کو دنیا کے سب سے زیادہ ضرورت مند طبقات تک پہنچانے کو ترجیح دی جائے۔

ناقدین کا مؤقف ہے کہ مارک کارنی حکومت کو غیر ملکی امداد کے لیے واضح ترجیحات مرتب کرنے اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ مشترکہ عالمی منصوبوں کی قیادت کرنی چاہیے۔

لنڈسے شیریڈن نے ماضی کی حکومتوں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اسٹیفن ہارپر کی حکومت نے زچہ و بچہ کی صحت کو اپنی عالمی امدادی پالیسی کا اہم حصہ بنایا تھا، جبکہ جسٹن ٹروڈو کے دور میں جنگ زدہ علاقوں میں بچوں کی تعلیم کے لیے اقدامات کیے گئے تھے۔

ان کے مطابق کینیڈا نے ان دونوں شعبوں میں جی سیون ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں کے تعاون سے اہم کردار ادا کیا تھا۔

شیریڈن کا کہنا تھا کہ موجودہ بجٹ میں بین الاقوامی امداد کا مکمل ذکر نہ ہونا ایک جامع اور مؤثر عالمی امدادی حکمت عملی متعارف کرانے کا ضائع ہونے والا موقع ہے۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]