امریکا کے ساتھ تجارتی کشیدگی کم کرنے کی کوشش، کیوبیک کے رہنماؤں نے مشترکہ حکمت عملی پر غور شروع کردیا

اردوورلڈکیینڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے صوبے کیوبیک کی جماعت پارتی کیبیکوا (پی کیو) کے سربراہ پال سینٹ پیئر پلامونڈن اور بلاک کیبیکوا کے رہنما ایو فرانسوا بلانشے نے منگل کی سہ پہر کیوبیک سٹی میں ملاقات کی، جس میں دیگر امور کے علاوہ امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات بہتر بنانے اور محصولات کی جنگ کم کرنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات کے بعد پی کیو کے سربراہ پال سینٹ پیئر پلامونڈن نے بتایا کہ گفتگو کا ایک اہم مقصد مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا تھا، تاکہ امریکی محصولات میں بتدریج کمی اور تجارتی کشیدگی کو کم کرنے کی راہ ہموار کی جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے وسط مدتی انتخابات کے نتائج سے اشارہ ملتا ہے کہ امریکی عوام ان محصولات سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔

امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات بہتر بنانے اور کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کے تحت پلامونڈن نے ان امریکی ریاستوں کے تقریباً 60 نومنتخب عہدیداروں کو خطوط بھی ارسال کیے ہیں جن کے ساتھ کیوبیک کی تجارتی سرگرمیاں وابستہ ہیں۔ اس اقدام کی خبر سب سے پہلے منگل کی صبح فرانسیسی زبان کے اخبار جرنل ڈی کیبیک نے شائع کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں :مارک کارنی حکومت کا دوسرا بجٹ، کینیڈا میں خاموش معاشی انقلاب کی بنیاد،منصوبوں سے ترقی کا نیا ماڈل متعارف

تاہم وزیراعظم مارک کارنی کی جانب سے اس اقدام کا ردعمل زیادہ حوصلہ افزا دکھائی نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مذاکرات میں ایک ہی مذاکرات کار کا ہونا ہمیشہ بہتر حکمت عملی ہوتی ہے۔

مونٹریال کے دورے کے دوران کارنی نے مزید کہا کہ امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات سے متعلق مذاکرات وفاقی حکومت کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔

اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پلامونڈن نے کہا کہ کارنی کی خواہش ہے کہ ہم نہ تو اس مقابلے کے لیے تیار ہوں اور نہ ہی میدان میں اتریں، کیونکہ وہ پورا میدان اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں۔

پی کیو کے سربراہ نے اپنے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کیوبیک نے ہمیشہ اپنے مفادات کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے اور امریکی عہدیداروں کو خطوط بھیجنے کا ان کا اقدام ماضی کی صوبائی حکومتوں کی پالیسیوں اور اقدامات کے تسلسل میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام کیوبیک کے عوام کے مفاد میں اٹھایا گیا ہے اور صوبے کو اپنے تجارتی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا حق حاصل ہے۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]