اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیو ز) برطانیہ کے علاقے چیشائر کے شہر کریو میں ایک مذہبی گروپ کے خلاف سنگین الزامات کی تحقیقات کے دوران کئی افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس 2023 سے جنسی جرائم، جبری شادی اور جدید غلامی جیسے الزامات کی تحقیقات کر رہی تھی۔ رپورٹس کے مطابق ان جرائم میں مبینہ طور پر ایک خاتون کو مرکزی کردار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
چیشائر کانسٹیبلری کے چیف سپرنٹنڈنٹ گارتھ لی نے بتایا کہ کارروائی احمدی ریلیجن آف پیس اینڈ لائٹ نامی گروپ کے خلاف کی گئی۔ بدھ کی صبح کیے گئے بڑے آپریشن میں تقریباً 500 پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔
پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ گرفتار افراد کا تعلق ایک مخصوص مذہبی گروہ سے ضرور ہے، تاہم یہ کارروائی کسی مذہب کے خلاف نہیں بلکہ صرف مبینہ جرائم کی بنیاد پر کی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریوں کا امکان بھی خارج از امکان نہیں۔