اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور دونوں ممالک ممکنہ جنگ بندی کے معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک صفحے پر مشتمل مجوزہ معاہدہ زیر غور ہے، جو دونوں فریقین کے درمیان تنازع کے خاتمے کی بنیاد بن سکتا ہے۔ اس معاہدے میں خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی تعلقات بہتر بنانے سے متعلق اہم نکات شامل کیے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا ایران کے منجمد اثاثے جاری کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کر سکتا ہے، جسے اعتماد سازی کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس سے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔مجوزہ معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز سے گزرنے پر عائد پابندیاں ختم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے، جس سے عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل میں بہتری آنے کا امکان ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ معاہدہ حتمی شکل اختیار کر لیتا ہے تو ایران اور امریکا کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی اور خطے میں امن و استحکام کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں، تاہم اس کے لیے مزید سفارتی کوششیں درکار ہوں گی۔