اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستانی ہائی کمیشن جبکہ ٹورنٹو، مونٹریال اور وینکوور کے قونصل خانوں میں معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ نہایت جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ تقریبات میں افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور شہداء کی خدمات کو زبردست انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اوٹاوا میں منعقدہ مرکزی تقریب میں پاکستانی برادری کے افراد، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور پاکستان کے دوست ممالک کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے جن میں قومی اتحاد، مسلح افواج کی بہادری اور ملکی دفاع کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔
کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پاکستانی افواج نے اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور قومی دفاع کے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مئی دو ہزار پچیس میں آپریشن بنیان المرصوص کے دوران پاکستان نے بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے دفاع کا حق مؤثر انداز میں استعمال کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق صرف ایک عسکری کامیابی نہیں بلکہ قومی یکجہتی، عوامی عزم اور مادرِ وطن کے دفاع کے جذبے کی روشن علامت ہے۔
تقریب کے دوران شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی، جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم ہمیشہ اپنے محافظوں کی قربانیوں کو یاد رکھے گی اور ملکی استحکام و سلامتی کے لیے متحد رہے گی۔