اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)شہباز شریف نے ملک میں آئندہ مون سون موسم کے پیش نظر پیشگی تیاریوں کو فوری طور پر مؤثر بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعظم سے ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے ملاقات کی، جس میں انہیں رواں برس مون سون کی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ملاقات کے دوران پہاڑی علاقوں میں گلیشیئر پھٹنے اور اچانک سیلاب سے بچاؤ کے لیے پیشگی انتباہی نظام کی تنصیب اور اس کی کارکردگی پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مون سون سے پہلے تمام ادارے مکمل تیاری یقینی بنائیں اور خطرے سے دوچار علاقوں کی مسلسل نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ جدید انتباہی نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے اور عوام کو بروقت آگاہی فراہم ہو۔