اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کراچی میں گرفتار کوکین اسمگلنگ اور فروخت کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ملزمہ انمول عرف پنکی کی نشاندہی پر ساؤتھ پولیس نے رات گئے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات کی برآمدگی اور مزید گرفتاریوں کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کی نشاندہی پر سچل گوٹھ کے علاقے میں ایک گھر کی تلاشی لی گئی جہاں سے کوکین برآمد ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے سامان کی تفصیلات ریکارڈ کی جا رہی ہیں۔ کارروائی کے دوران تفتیشی افسر کے ہمراہ ملزمہ انمول عرف پنکی بھی موجود تھی۔
مزید بتایا گیا کہ جمشید کوارٹرز کے علاقے میں بھی چھاپہ مارا گیا تاہم وہاں سے کوئی برآمدگی نہ ہو سکی۔
دوسری جانب ابوالحسن اصفہانی روڈ کے قریب حساس ادارے اور ساؤتھ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انمول عرف پنکی کی منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم وصول کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت فیاض خٹک اور زیشان خٹک کے نام سے ہوئی ہے جو ایک کمیونیکیشن شاپ کے مالک ہیں۔
پولیس کے مطابق انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم زیشان خٹک کے اکاؤنٹ کے ذریعے وصول کرتی تھی۔ کارروائی کے بعد دونوں ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے دکان بند کر کے فرار ہو گئے تھے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ دورانِ کارروائی ملزمان کے زیرِ استعمال موبائل فونز بھی قبضے میں لے لیے گئے جن میں بینکنگ ایپلیکیشنز انسٹال تھیں۔
تحقیقات کے مطابق انمول عرف پنکی اور مذکورہ ملزمان کے درمیان تعلق اس وقت قائم ہوا جب وہ ایک ہی رہائشی علاقے اے ون میں رہائش پذیر تھے۔
ادھر ملزمہ انمول عرف پنکی کو آج دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ عدالت نے اس سے قبل ملزمہ کا تین روزہ ریمانڈ منظور کیا تھا۔ پولیس نے اسے گارڈن کے علاقے سے گرفتار کیا تھا، جہاں سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا، تاہم جوڈیشل مجسٹریٹ نے ابتدائی طور پر ریمانڈ منظور نہیں کیا تھا۔