اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی تعاون میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت معروف پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ اکیس مئی کو چین میں ریلیز کی جائے گی۔
فلم کے ہدایتکار بلال لاشاری نے اس خبر کا اعلان چینی زبان میں ڈب کیے گئے ٹریلر کے ساتھ کیا، جس کے بعد فلم بینوں میں دلچسپی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
یہ پہلی بار ہے کہ کسی بڑی پاکستانی فلم کو چین کی محدود غیر ملکی فلموں کی مارکیٹ میں نمایاں جگہ ملی ہے، جسے پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ فلم 2022 میں ریلیز ہوئی تھی اور اسے پاکستان کی سب سے مہنگی اور سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم قرار دیا جاتا ہے۔ عالمی سطح پر اس فلم نے کروڑوں ڈالر کا بزنس کیا اور پاکستانی سینما کو بین الاقوامی سطح پر نئی پہچان دی۔
ماہرین کے مطابق اس ریلیز سے نہ صرف پاکستانی فلم انڈسٹری کو نئی مارکیٹ ملے گی بلکہ پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی روابط بھی مزید مضبوط ہوں گے۔