اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کیلئے نیا قانون نافذ کردیا گیا ہے، جس کے تحت نجی کمپنیوں کو ہر ماہ کی پہلی تاریخ تک تنخواہیں ادا کرنا لازمی ہوگا۔
اماراتی وزارتِ محنت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی پالیسی کا مقصد کارکنوں کے حقوق کا تحفظ اور تنخواہوں کی ادائیگی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ وزارت کے مطابق نجی شعبے میں کام کرنے والی تمام کمپنیوں پر لازم ہوگا کہ وہ ملازمین کی تنخواہیں مقررہ وقت پر ادا کریں۔بیان میں واضح کیا گیا کہ اگر کسی کمپنی کی جانب سے پہلی تاریخ کے بعد تنخواہ ادا کی جاتی ہے تو اسے سسٹم میں تاخیر تصور کیا جائے گا، جس کے بعد متعلقہ کمپنی کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں
ایرانی شہریوں کے رہائشی اسٹیٹس سے متعلق دعوی درست نہیں، وزارت خارجہ یو اے ای
وزارتِ محنت نے خبردار کیا ہے کہ تنخواہوں میں غیر ضروری تاخیر کرنے والی کمپنیوں پر جرمانے اور دیگر انتظامی پابندیاں بھی عائد کی جا سکتی ہیں۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے ملازمین کے مالی حقوق کو تحفظ ملے گا اور لیبر مارکیٹ میں شفافیت کو فروغ حاصل ہوگا۔وزارت کا مزید کہنا تھا کہ یہ نئی پالیسی صرف نجی کمپنیوں پر لاگو ہوگی جبکہ سرکاری ادارے اس قانون کے دائرہ کار میں شامل نہیں ہوں گے۔ماہرین کے مطابق یو اے ای حکومت کا یہ اقدام غیر ملکی کارکنوں سمیت لاکھوں ملازمین کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔