اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) چین کے جنوب مغربی علاقے گوانگشی میں 5.2 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے زلزلے سے کئی عمارتیں زمین بوس ہونے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلہ گوانگشی کے شہر لیوژو کے لیونان ضلع میں محسوس کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز زیرِ زمین 8 کلومیٹر گہرائی میں تھا، جس کے باعث جھٹکے شدید نوعیت کے محسوس کیے گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 13 عمارتیں گر گئیں جبکہ متعدد مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 2 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے ہیں، جبکہ ایک شخص کے لاپتا ہونے کی بھی اطلاع ملی ہے۔
کینیڈا اور الاسکا کی سرحر کے قریبی علاقے میں زلزلہ،زمین لرز اٹھی
مقامی انتظامیہ اور امدادی اداروں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کردیا ہے۔ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں طبی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔چینی حکام کے مطابق زلزلے کے بعد بعض علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا، تاہم بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر متاثرہ عمارتوں کے قریب جانے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ماہرینِ ارضیات کے مطابق گوانگشی اور اس کے گرد و نواح کے علاقے زلزلہ خیز پٹی کے قریب واقع ہیں، جہاں وقتاً فوقتاً درمیانی شدت کے زلزلے آتے رہتے ہیں۔ حکام نے ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔