پاکستان اور چین کے تعلقات مزید مضبوط، وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وفد کی اہم ملاقات

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے نائب چیئرمین تسائی دافنگ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح چینی وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

یہ وفد پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے پر موجود ہے۔ ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی شریک تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چینی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان اور چین کی تاریخی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان اعتماد، تعاون اور علاقائی امور پر ہم آہنگی پر مبنی مضبوط تعلقات قائم ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے چین کی قیادت، خصوصاً صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کو سفارتی تعلقات کی سالگرہ پر مبارکباد دی اور چین کے بنیادی قومی مفادات کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے چین کی مسلسل حمایت کو بھی سراہا۔

شہباز شریف نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو پاکستان کی ترقی کے لیے ایک اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے اگلے مرحلے میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعت اور معدنیات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے اپنے آئندہ دورۂ چین کا بھی ذکر کیا۔

ملاقات میں علاقائی صورتحال، بالخصوص جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام پر بھی بات ہوئی۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے چین کے تعمیری کردار کو سراہا اور علاقائی تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

چینی وفد کے سربراہ تسائی دافنگ نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کی حمایت جاری رکھنے کا بھی یقین دلایا۔

دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کی “آہنی دوستی” خطے میں امن، ترقی اور استحکام کا اہم ستون ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں