اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں گاڑی چلانے والوں نے ایک بار پھر کارلنگ ایونیو کو شہر کی سب سے خراب سڑک قرار دیا ہے، جو مسلسل کئی برسوں سے اس فہرست میں سرفہرست رہی ہے۔
کینیڈین آٹوموبائل ایسوسی ایشن کے جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق یہ سڑک گڑھوں، تعمیراتی بندشوں اور شدید ٹریفک رکاوٹوں کے باعث شہریوں کے لیے سب سے زیادہ مشکلات کا باعث بنی ہوئی ہے۔شہریوں کی رائے کے مطابق اوٹاوا کی پانچ بدترین سڑکیں یہ ہیں: کارلنگ ایونیو، برونسن ایونیو، انیس روڈ، بینک اسٹریٹ اور رچمنڈ روڈ۔
اگرچہ اوٹاوا کی سڑکیں صوبہ اونٹاریو کی مجموعی درجہ بندی میں شامل نہیں ہو سکیں، تاہم اس فہرست میں ہملٹن کی بارٹن اسٹریٹ کو مسلسل تیسری بار صوبے کی بدترین سڑک قرار دیا گیا ہے، جبکہ گریٹر ٹورنٹو ایریا کی کئی سڑکیں بھی پہلے دس میں شامل ہیں۔
کینیڈین آٹوموبائل ایسوسی ایشن کے نمائندے برائن پیروو کے مطابق ووٹرز نے ان سڑکوں کے بارے میں سب سے زیادہ شکایت گڑھوں، غیر ہموار سطح، ناقص دیکھ بھال اور ٹریفک کے دباؤ کی کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مہم شہریوں کو موقع دیتی ہے کہ وہ اپنی رائے کا اظہار کریں تاکہ متعلقہ حکام کو ان سڑکوں کی نشاندہی ہو سکے جن پر فوری توجہ اور سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سروے کا مقصد مقامی حکومتوں کو اس طرف متوجہ کرنا ہے کہ وہ انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ شہریوں کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔