اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)اگر آپ کا رات کا سفر ماسے ٹنل سے گزرتا ہے تو خبردار رہیں، کیونکہ یہ اہم سرنگ پانچ جون سے سات جون تک رات کے اوقات میں بند رہے گی۔ بندش رات دس بجے سے صبح ساڑھے چار بجے تک دونوں سمتوں میں ہوگی۔
حکام کے مطابق مین روڈ کی ٹیمیں سرنگ میں لائن سیفٹی آلات کی جانچ اور مرمت کا کام کریں گی، جس کے باعث اس دوران ٹریفک کی آمدورفت معطل رہے گی۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان اوقات میں متبادل راستے اختیار کریں۔ اس کے لیے ایلیکس فریزر پل کو ترجیحی متبادل کے طور پر استعمال کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
سری یا ڈیلٹا سے آنے والے ڈرائیورز کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ہائی وے ننانوے سے ہائی وے اکانوے کی طرف نارتھ باؤنڈ انٹرچینج استعمال کریں۔ اس کے علاوہ لڈنر ٹرنک روڈ، ہائی وے سترہ یا ہائی وے سترہ اے کے ذریعے بھی ایلیکس فریزر پل تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
ریشمونڈ سے سفر کرنے والے افراد کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اوک اسٹریٹ برج کے قریب ہائی وے اکانوے کا انٹرچینج استعمال کریں، ورنہ انہیں اسٹیوسن ہائی وے کی طرف طویل اور متبادل راستہ اختیار کرنا پڑ سکتا ہے۔
یاد رہے کہ جارج ماسے ٹنل سن انیس سو انسٹھ میں کھولی گئی تھی جو رشمونڈ اور ڈیلٹا شہروں کو آپس میں ملاتی ہے۔