اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)گلگت بلتستان میں انتخابات 2026 کے سلسلے میں انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ ضلع دیامر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
الیکشن حکام کے مطابق چوبیس حلقوں میں ہزاروں انتخابی اہلکاروں کو ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ انتخابی عمل کو شفاف اور منظم بنایا جا سکے۔ انتخابی عملے میں ریٹرننگ افسران، اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران، پریزائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور دیگر عملہ شامل ہے۔
حکام نے بتایا ہے کہ انتخابی ڈیوٹی پر تعینات ساڑھے سات ہزار سے زائد افسران اور ملازمین کے لیے مجموعی طور پر ستائیس کروڑ ساٹھ لاکھ روپے کے اعزازیے مقرر کیے گئے ہیں۔ مختلف عہدوں کے مطابق الگ الگ مالی مراعات بھی دی گئی ہیں تاکہ انتخابی عملے کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق ریٹرننگ افسران، اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران، پریزائیڈنگ افسران اور دیگر عملے کے لیے الگ الگ اعزازیے مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ پولنگ اسٹاف کے لیے بھی کروڑوں روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔
دوسری جانب ضلع دیامر میں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری حکم نامے کے تحت دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے جو ساٹھ روز تک مؤثر رہے گی۔
حکم نامے کے مطابق اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ، پٹاخوں کے استعمال اور بغیر اجازت ڈرون یا بغیر پائلٹ فضائی آلات کی پرواز پر مکمل پابندی ہوگی۔ ڈرون اڑانے کے لیے ضلعی مجسٹریٹ کی اجازت لازمی قرار دی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات انتخابات کے دوران امن و امان اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔