اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی نے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کے مبینہ نامناسب رویے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ان کی پارلیمانی پارٹی کی رکنیت معطل کر دی ہے، جبکہ انہیں پارٹی سے نکالنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پارلیمانی پارٹی کا خصوصی اجلاس چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے بعد پارٹی امور، پارلیمانی سرگرمیوں اور تنظیمی نظم و ضبط کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے جانے والے وفد کے دوران پیش آنے والے واقعے پر بھی غور کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس کے شرکا نے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کی جانب سے صاحبزادہ صبغت اللہ کے ساتھ مبینہ نامناسب رویے کی شدید مذمت کی اور اسے پارٹی نظم و ضبط اور پارلیمانی روایات کے منافی قرار دیا۔
پارلیمانی پارٹی کے اراکین نے اس موقع پر اقبال آفریدی کے خلاف ماضی میں سامنے آنے والی شکایات کا بھی ذکر کیا، جس کے بعد متفقہ قرارداد کے ذریعے ان کی پارلیمانی پارٹی کی رکنیت فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ اقبال آفریدی کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے بھی خارج کیا جائے، کیونکہ پی ٹی آئی اپنے تمام منتخب نمائندوں سے تنظیمی ڈسپلن، باہمی احترام اور پارلیمانی اخلاقیات کی مکمل پابندی کی توقع رکھتی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پارٹی اپنے وقار، اتحاد اور جمہوری اقدار کے خلاف کسی بھی قسم کے رویے کو برداشت نہیں کرے گی اور تنظیمی نظم و ضبط پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔