اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )امارات ائیرلائن نے موسمِ گرما کے دوران سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ایک پرکشش پیشکش کا اعلان کیا ہے۔
دبئی جانے یا وہاں 24 گھنٹے سے زائد قیام کرنے والے مسافروں کو مفت فائیو اسٹار ہوٹل میں رہائش فراہم کی جائے گی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس خصوصی پیشکش سے فائدہ اٹھانے کے لیے مسافروں کو 22 جون سے 12 جولائی کے درمیان اپنے واپسی کے ٹکٹ بک کروانا ہوں گے، جبکہ سفر کی مدت 25 جون سے 30 ستمبر تک مقرر کی گئی ہے۔
امارات ائیرلائن کے مطابق فرسٹ کلاس اور بزنس کلاس میں سفر کرنے والے مسافروں کو دبئی کے معروف فائیو اسٹار ہوٹل میں دو راتوں کا مفت قیام فراہم کیا جائے گا۔ دوسری جانب پریمیئم اکانومی اور اکانومی کلاس کے مسافر ایک رات مفت فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔ائیرلائن کا کہنا ہے کہ اس پیشکش کا مقصد دبئی کو عالمی سیاحتی مرکز کے طور پر مزید نمایاں کرنا اور مسافروں کو شہر کے مختلف تفریحی، ثقافتی اور تجارتی مراکز سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
اس پروگرام کے تحت مسافروں کو ایک خصوصی رعایتی کارڈ بھی فراہم کیا جائے گا، جس کے ذریعے وہ 600 سے زائد ریسٹورنٹس، تفریحی مقامات، شاپنگ مراکز اور اسپا سہولیات پر خصوصی رعایت حاصل کر سکیں گے۔ماہرین کے مطابق ایسی مراعات نہ صرف سیاحت کو فروغ دیتی ہیں بلکہ مقامی معیشت، ہوٹلنگ اور ریٹیل شعبوں کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ کرتی ہیں، جس سے دبئی کی سیاحتی صنعت کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔