اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا اور ڈی پورٹیشن کا عمل جاری ہے، جبکہ اب تک صوبے کے مختلف اضلاع سے 35 ہزار 719 افراد کو واپس بھیجا جا چکا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں اس وقت 72 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں، جن کی ڈی پورٹیشن کا عمل جاری ہے۔
پنجاب پولیس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں 14 ہزار سے زائد مرد، 7 ہزار 138 خواتین اور 14 ہزار 529 بچے شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق واپس بھیجے گئے افراد میں 11 ہزار 47 پروف آف ریزیڈنس (رہائشی ثبوت) رکھنے والے، 11 ہزار 135 افغان سٹیزن کارڈ (ACC) ہولڈرز اور 13 ہزار 537 غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شامل ہیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم تمام افراد کے انخلا کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔