پی ٹی آئی کا آزاد کشمیر انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان، ٹکٹوں کا اجرا بھی معطل

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آزاد جموں و کشمیر میں ہونے والے عام انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا باضابطہ اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ سیاسی حکمت عملی نہیں بلکہ کشمیری عوام کے ساتھ اصولی یکجہتی کا اظہار ہے۔ پارٹی کے مطابق اس وقت آزاد کشمیر شدید سیاسی اور انسانی بحران سے گزر رہا ہے۔

پی ٹی آئی نے کہا کہ راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں عوام اپنے جائز مطالبات کے حق میں دھرنے دے رہے ہیں، جبکہ طاقت کے استعمال کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ آزاد کشمیر کو اشیائے خورونوش کی ترسیل متاثر ہونے سے عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

کور کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو درپیش مسائل کا فوری اور منصفانہ حل نکالا جائے۔

اعلامیے کے مطابق آزاد کشمیر کی آئینی، جمہوری اور سیاسی شناخت کو مجروح کیا جا رہا ہے، عوامی نمائندہ آوازوں کو دبایا جا رہا ہے، سیاسی کارکنوں کے خلاف کارروائیاں اور گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔

پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ اظہارِ رائے کی آزادی محدود کر دی گئی ہے اور میڈیا پر بھی قدغنیں عائد ہیں، جس کے باعث انتخابی عمل اپنی ساکھ اور معنویت کھو دیتا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ وہ انتخابات میں حصہ لینے کے بجائے کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ حالات معمول پر آنے تک پی ٹی آئی انتخابات میں حصہ نہیں لے گی۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے معاملات افہام و تفہیم سے حل کیے جائیں، انتخابی شیڈول پر نظرثانی کی جائے اور تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی، آزادانہ اور منصفانہ انتخابی ماحول فراہم کیا جائے۔

پی ٹی آئی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس کی سیاسی جدوجہد کشمیری عوام کے جمہوری حقوق کے لیے جاری رہے گی اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کا منصفانہ حل نکالا جانا چاہیے۔

پارٹی نے یہ بھی اعلان کیا کہ پارلیمانی بورڈ کی جانب سے ٹکٹوں سے متعلق تمام سفارشات فوری طور پر معطل کر دی گئی ہیں، جبکہ ٹکٹوں کے اجرا سے متعلق تمام امور آئندہ فیصلے تک مؤخر رہیں گے۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ آزاد، منصفانہ اور پُرامن سیاسی ماحول کے بغیر پی ٹی آئی انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں