اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)عالمی شہرت یافتہ ادارے ہینلے اینڈ پارٹنرز نے جولائی سے دسمبر 2026 کے لیے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی نئی درجہ بندی جاری کر دی ہے، جس میں ایک بار پھر ایشیائی ممالک نے نمایاں برتری حاصل کی، جبکہ پاکستان کا پاسپورٹ بدستور کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل رہا۔
رپورٹ کے مطابق سنگاپور کا پاسپورٹ مسلسل دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار پایا ہے۔ سنگاپور کے شہری 192 ممالک میں بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول کی سہولت کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں، جس کے باعث یہ ملک فہرست میں پہلے نمبر پر برقرار ہے۔
فہرست میں متحدہ عرب امارات، جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہے۔ ان تینوں ممالک کے پاسپورٹ رکھنے والے افراد 188 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
تیسرے نمبر پر سویڈن کا پاسپورٹ رہا، جس کے ذریعے 187 ممالک میں بغیر پیشگی ویزا سفر ممکن ہے۔
چوتھے نمبر پر بیلجیئم، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، لکسمبرگ، نیدرلینڈز، ناروے اور اسپین شامل ہیں، جن کے شہری 186 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
پانچویں نمبر پر یونان، آسٹریا، مالٹا، پرتگال اور سوئٹزرلینڈ رہے، جہاں کے پاسپورٹ ہولڈرز 185 ممالک میں بغیر ویزا یا آسان ویزا سہولت کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق درجہ بندی دنیا بھر میں مختلف ممالک کے پاسپورٹس کے ذریعے حاصل ہونے والی ویزا فری اور ویزا آن ارائیول رسائی کی بنیاد پر مرتب کی جاتی ہے۔
ہینلے اینڈ پارٹنرز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی پاسپورٹ اس مرتبہ دسویں نمبر پر آ گیا ہے، حالانکہ ماضی میں اسے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس میں شمار کیا جاتا تھا۔
ادارے کے مطابق گزشتہ دس برسوں میں متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹ نے سب سے نمایاں ترقی کی ہے۔ ایک دہائی کے دوران اس کی عالمی درجہ بندی میں 40 درجوں کی بہتری آئی، جس کے بعد یہ دنیا کا دوسرا طاقتور ترین پاسپورٹ بن گیا۔
دوسری جانب پاکستان کا پاسپورٹ کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل رہا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان 100 ویں نمبر پر ہے اور پاکستانی شہری صرف 30 ممالک میں ویزا فری یا آسان ویزا سہولت کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔
پاکستان کے بعد عراق 101 ویں، شام 102 ویں جبکہ افغانستان 103 ویں نمبر پر موجود ہے، جسے دنیا کا سب سے کمزور پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ یمن، صومالیہ، نیپال، شمالی کوریا، بنگلا دیش، فلسطین، ایران، اریٹیریا، سری لنکا اور لیبیا کی پاسپورٹ درجہ بندی پاکستان سے بہتر رہی۔