اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل پر پیشی کے دوران سیاہی اور انڈے پھینکنے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں واقعے کے تقریباً پانچ سال بعد دو نامزد ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی گئی۔
لاہور کی جوڈیشل مجسٹریٹ عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ سعد الرحمان نے مقدمے کی سماعت کی۔ عدالتی حکم پر تمام ملزمان عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔
دورانِ سماعت عدالت نے نامزد مسلم لیگ (ن) کے کارکنان غلام عباس اور طارق جٹ کو چارج شیٹ پڑھ کر سنائی، تاہم دونوں ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کر دیا، جس کے بعد عدالت نے ان پر باقاعدہ فردِ جرم عائد کر دی۔
ملزمان کی جانب سے الزامات مسترد کیے جانے کے بعد عدالت نے استغاثہ کے گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ یہ مقدمہ اس وقت درج کیا گیا تھا جب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل لاہور ہائیکورٹ میں ایک مقدمے کی سماعت کے سلسلے میں پیش ہوئے تھے۔ اس دوران عدالت کے احاطے میں موجود بعض افراد نے ان پر سیاہی اور انڈے پھینکے تھے، جس کے باعث موقع پر بدنظمی پیدا ہو گئی تھی۔
واقعے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، جس کے بعد پولیس نے سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کرتے ہوئے متعدد افراد کو نامزد کیا تھا۔