اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وفاقی کابینہ میں توسیع اور وزراء کے قلم دانوں میں رد و بدل کے حوالے سے مشاورت تیز کر دی گئی ہے، جبکہ آئندہ چند روز میں اہم فیصلوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق بعض وفاقی وزراء کو تبدیل کیا جا سکتا ہے، جبکہ کئی وزراء کے قلم دانوں میں بھی رد و بدل پر غور جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا سے نئے چہروں کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ اتحادی جماعتوں کی نمائندگی بڑھانے کے لیے سیاسی قیادت سے بھی مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو کابینہ میں مزید نمائندگی دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ میں توسیع اور تبدیلیوں سے متعلق حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں متوقع ہے، جس کے بعد وزیراعظم کی منظوری سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔