اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ ہوگا نہیں ہوچکا ہے ہم دیوالیہ ملک کے باسی ہیں۔
سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہے، ملک کے تمام مسائل کا حل آئی ایم ایف کے پاس نہیں ملک کے اندر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کر رہا، ہو چکا ہے، ہم دیوالیہ ملک کے باسی ہیں، موجودہ حالات کے ذمہ دار اسٹیبلشمنٹ، بیوروکریسی اور سیاستدان سب ہیں، ملک میں آئین اور قوانین پر سمجھوتہ کیا جاتا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ڈیڑھ سال پہلے دہشت گردوں کو اپنی سرزمین پر لا کر آباد کیا گیا، ایسے کھیل کھیلے گئے کہ دہشت گردی مقدر بن گئی۔ جس نے بھی آواز اٹھائی اسے جلاوطن کر دیا گیا۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ کراچی پولیس آفس حملے میں سیکیورٹی اداروں نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، سیکیورٹی اہلکار رات بھر دہشت گردوں سے لڑتے رہے۔