اردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز) جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چہرے کی شناخت کا جدید نظام فعال کر دیا گیا ہے ،سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چہرے کی شناخت کا جدید نظام ایف آر ایس فعال کردیا گیا ہے اور اس جدید کے کنٹرول روم میں اس کے حصے کی ذمہ داری وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے کو سونپی گئی ہے۔
سی اے اے کے مطابق دونوں اداروں کے درمیان ایف آر ایس سسٹم کے لیے عملے کی تعیناتی کا معاہدہ طے پایا اور اس سلسلے میں ایئرپورٹ منیجر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔
ترجمان کے مطابق نگرانی کے مقاصد کے لیے ایف آر ایس سی سی ٹی وی روم میں ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ پروجیکٹ کی نگرانی، دیکھ بھال اور انتظامیہ کی دیکھ بھال سول ایوی ایشن کر رہی ہے۔
ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق جدید نظام سے حکومتی اداروں کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قانون پر عمل درآمد میں مدد ملے گی۔ ادارے اس سسٹم کے ذریعے ہوائی اڈے پر واچ لسٹ میں موجود چہروں کی شناخت اور ٹریک کر سکیں گے۔ یہ جدید نظام کراچی کے علاوہ لاہور، اسلام آباد اور ملتان کے ایئرپورٹس پر بھی نصب ہے۔