اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے فیصل آباد اور ننکانہ صاحب کے حلقوں میں ضمنی انتخابات روکنے کی درخواست منظور کر لی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پی ٹی آئی رہنماؤں فرخ حبیب اور اعجاز شاہ کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا، عدالت نے این اے 108 اور این اے 118 میں ضمنی انتخاب روک دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، سیکرٹری کابینہ اور قومی اسمبلی کو فریق بنایا گیا۔
عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ دونوں حلقوں میں 28 مئی کو ضمنی انتخابات ہونے تھے، قومی اسمبلی کی مدت 90 دن سے کم رہ گئی ہے، قانونی طور پر ان حلقوں میں ضمنی انتخابات نہیں ہو سکتے۔ ، پشاور ہائی کورٹ نے بھی خیبرپختونخوا میں انتخابات ملتوی کر د ئیے، اس لیے این اے 108 اور 118 میں انتخابات رکوانے کا حکم دیا جائے۔
درخواست گزار کے وکیل نے اپنے مؤقف میں کہا کہ ایک طرف الیکشن کمیشن کہتا ہے کہ پنجاب میں الیکشن نہیں ہو سکتے، دوسری طرف دونوں حلقوں کے لیے فنڈز جاری کر کے ضمنی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے سیکرٹری الیکشن کمیشن، سیکرٹری کابینہ اور قومی اسمبلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو اب سنایا گیا ہے