اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر اور سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہماری فوج اپنی ذمہ داری کو سمجھتی ہے اور بہت مضبوط ہے۔ جب دہشت گردی ہوئی تو سیکیورٹی اداروں نے بہت قربانیاں دیں۔ پاکستان کے کل کو مضبوط کرنے کے لیے فوج نے اپنا آج قربان کیا ہے۔
این ایف سی یونیورسٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ ملک قائداعظم اور تحریک پاکستان کی انتھک محنت سے بنا۔ کچھ عناصر باہر سے پاکستان کی سالمیت پر حملہ آور ہیں۔ املاک پر حملہ ہوا، اسے ملک پر حملہ تصور کیا جائے گا، جن لوگوں نے پاکستان پر حملہ کیا آج ان کی پارٹی کے ساتھ کیا ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میں سمندر پار پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ آپ پاکستان کا سرمایہ ہیں، جو اوور سیز کو دکھایا گیا وہ زمینی حقائق پر مبنی نہیں ہے نومئی کے بعد فوج نے تحمل سے برداشت کیا اور قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 23 کروڑ عوام اکٹھے ہیں اور فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، تحریک انصاف کو لایا گیا، اب انہیں اڑنا پڑا کیونکہ ساری زندگی رہنانہیں تھا، یہ نظریاتی جماعت نہیں تھی
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی میں کوئی موازنہ نہیں، ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا
ان کا مزید کہنا تھا کہ مسائل حل طلب ہیں، ملک ڈیفالٹ نہیں ہوگا، بجٹ پیش کیا جائے گا، ہم بجٹ کے بعد الیکشن کرانے کو تیار تھے، لیکن اب اس میں تاخیر ہوئی ہے، اس وقت ہم مذاکرات کے لیے تیار تھے، لیکن انہوں نے ہماری بات نہ سنی۔