اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ جولائی کے مہینے میں ہی ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر رہنے کا امکان ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پچھلے 8 ماہ بہت مشکل رہے، میری ٹیم کے لوگ بھی کہہ رہے تھے کہ لگتا ہے یہ معاہدہ نہیں ہوگا لیکن میں کہتا تھا کہ آخر جون کی ڈیل ہفتے تک ہو جائے گی
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹینڈ بائی معاہدہ 9 ماہ کے لیے طے پایا ہے۔ اگر 9 واں جائزہ 3 جون تک کر لیا جاتا تو ہمیں وہ رقم مل جاتی۔ اعشاریہ ایک ارب ڈالر، سعودی عرب سے دو ارب ڈالر اور یو اے ای سے ایک ارب ڈالر جولائی میں ملیں گے۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت ہمیں 5.6 ارب ڈالر کی بیرونی فنانسنگ ملنی ہے، مجھے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوتا نظر آرہا ہے اور جولائی کے مہینے میں زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر رہنے کی توقع ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روزسٹیٹ بینک کی جانب سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں جو 23 جون کو ختم ہونے والے ہفتے تک 9 ارب 34 کروڑ ڈالر رہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمیں جمہوریت کے ساتھ مالیاتی نظم و ضبط اپنانا ہوگا، جو بھی نئی حکومت آئے گی دسمبر تک کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، ہمیں اپنی برآمدات بڑھانے پر توجہ دینی ہوگی۔