اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کے لیے نا امیدی کفر ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ترقی سے نہیں روک سکتی۔
اسلام آباد میں گرین پاکستان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہم سب یہاں پاکستان کو دوبارہ سرسبز بنانے کے لیے جمع ہوئے ہیں، اللہ نے پاکستان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہم باصلاحیت قوم ہیں، ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ ہم مل کر اس کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں، ہم پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے بطور ادارہ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں، پورے جوش و خروش اور دل و جان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا یقین دلا تے ہیں ۔
پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہوں، اللہ کی رحمت سے صرف کافر ہی مایوس ہوتے ہیں، مسلمانوں کے لیے دو ہی حالات ہیں، جب اس پر مصیبت آتی ہے تو صبر کرتا ہے، جب خوشی ملتی ہے تو شکر گزار ہوتا ہے۔ ، مسلمان کے لیے مایوسی کفر ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو ترقی کرنا ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ترقی سے نہیں روک سکتی، ہمارے پاس وہ تمام صلاحیتیں ہیں جو پاکستان کو عروج پر لے جا سکتی ہیں۔