نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت کا دن دنیا بھر میں ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، پاکستان میں بھی لوگ اس دن کو منانے کے لیے خصوصی انتظامات کرتے ہیں۔ مساجد، گھر، دفاتر، محلے، عمارتیں، گلیاں اور بازار ہر جگہ خوبصورت جھنڈیوں اور برقی روشنیوں سے سجا دیا گیا12 ربیع الاول کے موقع پر شہر کی سڑکوں اور شاہراہوں پر مسجد نبویؐ سمیت دیگر مقدس مقامات کے پرکشش ماڈلز بنائے جاتے ہیں اور میلوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ سجاوٹ کا سامان خریدنے والوں کا کہنا تھا کہ وہ عید میلادالنبی کے موقع پر زندگی بھر اسی طرح چراغاں کرتے رہیں گے۔
عید میلادالنبیؐ کے موقع پر گوجرانوالہ میں کھیر کی 100 دیگیں تیار کی جارہی ہیں جب کہ حیدرآباد اور سکھر میں بھی عید میلادالنبیؐ پورے مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے۔لاہور میں عید میلادالنبی کے حوالے سے محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام رحمت اللعالمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم رسول اللہ کے ماننے والے ہیں، مایوس نہیں ہوں گے، پاکستان ضرور ٹیک آف کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی تباہی کے بارے میں سوچنے والی تعلیمات نبوی سے دور ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ ملک میں بسنے والی دیگر مذہبی اقلیتوں کے جان و مال اور حقوق کا تحفظ کرے۔
دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین راجہ ناصر عباس نے بھی 12 سے 17 ربیع الاول کو اتحاد و اتفاق سے منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دشمن قوتیں ہمیں آپس میں لڑانے کی کوشش کر رہی ہیں، ہمیں ان سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ بے شمار مسائل سے دوچار ہے، پاکستان اور امت کی سلامتی کے لیے اتحاد کی فضا کو مضبوط کرنا ہوگا، پاکستان میں مذہبی رنگ دے کر انتشار پھیلانے کی کوششیں جاری ہیں، قوم مل کر ان سازشوں کو ناکام بنائے گی۔