البرٹا حکومت نے متنازع انتخابی حلقوں کے نئے نقشے قانون کا حصہ بنانے کے لیے بل پیش کردیا

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے صوبے البرٹا کی حکومت نے آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات سے قبل انتخابی حلقوں کی نئی حدبندی کو قانونی شکل دینے کے لیے پیر کو اسمبلی میں بل پیش کردیا ہے۔

مجوزہ قانون کے تحت شہری اور دیہی علاقوں کو ملا کر نئے انتخابی حلقے تشکیل دیے جائیں گے، تاہم اپوزیشن جماعت نیو ڈیموکریٹک پارٹی (این ڈی پی) نے اس اقدام کو حکمران جماعت یونائیٹڈ کنزرویٹوز کے حق میں انتخابی نقشہ تبدیل کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

این ڈی پی کے سربراہ ناہید ننشی کا الزام ہے کہ حکومت کی جانب سے انتخابی حلقوں میں تبدیلی کا اصل مقصد شہری ووٹروں کی انتخابی طاقت کم کرکے حکمران یونائیٹڈ کنزرویٹو پارٹی کو آئندہ انتخابات میں فائدہ پہنچانا ہے۔

مجوزہ نقشوں کے تحت لی تھ برج اور کیلگری کے بعض شہری انتخابی حلقوں کو ان کے گردونواح کے دیہی علاقوں کے ساتھ ملا کر مشترکہ شہری و دیہی حلقے (ہائبرڈ رائیڈنگز) تشکیل دیے جائیں گے۔

لی تھ برج میں موجودہ دو شہری انتخابی حلقوں کی جگہ چار حلقے بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔ ان میں ایک مکمل شہری حلقہ ہوگا جبکہ باقی تین وسیع رقبے پر مشتمل مشترکہ شہری و دیہی حلقے ہوں گے، جن میں سے بعض کی حدود امریکا کی سرحد تک پھیل جائیں گی۔

ناہید ننشی کا ٹرمپ طرز کی انتخابی حلقہ بندی کا الزام

ناہید ننشی نے پیر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت قانون کو شاہی منظوری ملنے کے بعد عدالت سے رجوع کرے گی۔

انہوں نے نئی حلقہ بندی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے طرز کی انتخابی حلقہ بندی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کینیڈا کی تاریخ میں ایک غیر معمولی اقدام ہے اور اس کے آئینی حیثیت پر بھی سنگین سوالات موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :البرٹا حکومت کا سرکاری بھرتیوں سے تنوع اور مساوات کی پالیسیاں ختم کرنے کا فیصلہ،میرٹ پر تقرریوں کا نیا قانون متعارف

ان کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ حکمران یونائیٹڈ کنزرویٹو پارٹی کے بعض ارکان اپنی جماعت کی پالیسی سے اختلاف کرتے ہوئے بل کے خلاف ووٹ دیں گے، تاہم انہیں اس حوالے سے زیادہ توقع نہیں ہے۔

ناہید ننشی کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں حکمران جماعت کے ارکان نے علامتی ووٹنگ میں متفقہ طور پر نئی حلقہ بندیوں کی حمایت کی تھی، جس سے اپوزیشن کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈینیئل اسمتھ اور ان کی جماعت کے لیے البرٹا کے عوام کے مفادات سے زیادہ اقتدار برقرار رکھنا اہمیت رکھتا ہے۔

ڈینیئل اسمتھ حکومت نے انتخابی دھاندلی کے الزامات مسترد کردیے

دوسری جانب پریمیئر ڈینیئل اسمتھ کی حکومت نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے کہ انتخابی حلقوں کی نئی حدبندی کا مقصد 2027 کے انتخابات میں حکمران جماعت کو فائدہ پہنچانا ہے۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ نئے نقشوں سے شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان مؤثر نمائندگی بہتر ہوگی اور مختلف آبادیوں کے مسائل کو ایک ہی انتخابی حلقے میں بہتر انداز میں پیش کیا جاسکے گا۔ حکومت نے یہ بھی کہا ہے کہ البرٹا کے دیگر علاقوں میں پہلے سے ہائبرڈ انتخابی حلقے موجود ہیں۔

بل اسمبلی میں پیش کیے جانے کے بعد صوبائی وزیر انصاف مکی ایمری نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کے باعث مشترکہ انتخابی حلقے مستقبل کی ضرورت ہیں۔

انہوں نے این ڈی پی کی جانب سے ممکنہ عدالتی کارروائی کو سیاسی مخالفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عدالتوں اور دیگر تمام متعلقہ فورمز پر اپنے مؤقف کا دفاع کرے گی۔

انتخابی حلقوں کی نئی حدبندی کا تنازع کیسے شروع ہوا؟

البرٹا میں انتخابی حلقوں کی نئی حدبندی کا معاملہ اس وقت پیچیدہ اور متنازع ہوگیا تھا جب ڈینیئل اسمتھ نے رواں سال کے آغاز میں عوامی انتخابی حدود کمیشن کی سفارشات کو ووٹنگ کے ذریعے مسترد کردیا تھا۔

اس کے بعد حکومت نے ایک نئی کمیٹی تشکیل دی، جس کے تحت دو جماعتی مشاورتی پینل قائم کیا گیا۔ اس پینل کی سربراہی حکمران یونائیٹڈ کنزرویٹو پارٹی کی جانب سے نامزد چیئرمین کو سونپی گئی، جبکہ اسے انتخابی حلقوں کی حدبندی کے عمل پر دوبارہ کام کرنے کی ذمہ داری دی گئی۔

پینل نے رواں ماہ اپنی رپورٹ جاری کی، جسے اب حکومت قانون کا حصہ بنانا چاہتی ہے۔مجوزہ تبدیلیوں کے تحت البرٹا کی صوبائی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد موجودہ 87 سے بڑھا کر 91 کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

عدالتی کارروائی سے 2027 کے انتخابات متاثر ہونے کا امکان

البرٹا میں اگلے عام انتخابات 18 اکتوبر 2027 کو شیڈول ہیں، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ اگر این ڈی پی نے نئی حلقہ بندیوں کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تو اس کے انتخابی عمل اور مقررہ تاریخ پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔

بل کی منظوری اور شاہی توثیق کے بعد اپوزیشن کی جانب سے قانونی چیلنج متوقع ہے، جس کے نتیجے میں نئی انتخابی حدود کی آئینی حیثیت اور ان کے ذریعے شہری و دیہی ووٹروں کی نمائندگی کا معاملہ عدالتی جانچ پڑتال کے لیے سامنے آسکتا ہے۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]