کینیڈا کی ٹیلی کام انڈسٹری میں 31 ارب ڈالر کا بڑا سودا، کیوبیکور کی ٹیلس کو خریدنے کی پیشکش

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کی بڑی ٹیلی کام کمپنی کیوبیکور نے حریف کمپنی ٹیلس کو 31 ارب ڈالر میں خریدنے کی پیشکش کردی ہے۔ مجوزہ معاہدے سے کینیڈا کی ٹیلی کمیونیکیشن انڈسٹری میں بڑی تبدیلی آسکتی ہے، تاہم اس کے نتیجے میں مارکیٹ میں مسابقت کم ہونے اور صارفین کے موبائل و ٹیلی فون بلوں میں اضافے کے خدشات بھی سامنے آئے ہیں۔

مونٹریال میں قائم کیوبیکور نے پیر کو جاری بیان میں کہا کہ اس نے جون میں ٹیلس کو غیر حتمی پیشکش دی تھی، جس کا مقصد ممکنہ معاہدے پر مذاکرات شروع کرنا تھا۔ کمپنی کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں پیشکش کو مزید بہتر بنا کر دوبارہ جمع کرایا گیا ہے، جس کا ٹیلس کی انتظامیہ جائزہ لے رہی ہے۔

کیوبیکور کا کہنا ہے کہ دونوں کمپنیوں کے نیٹ ورکس، اسپیکٹرم اور انتظامی صلاحیتوں کو یکجا کرنے سے سرمایہ کاری کی استعداد بڑھے گی اور ایک مضبوط ٹیلی کام کمپنی وجود میں آئے گی۔

ٹیلس کے شیئر ہولڈرز کو 60 فیصد اضافی قیمت دینے کی پیشکش

مجوزہ معاہدے کے تحت کیوبیکور نے ٹیلس کے ہر شیئر کے بدلے 6.35 ڈالر نقد اور کیوبیکور کے 0.17 شیئرز دینے کی پیشکش کی ہے، جو کمپنی کے مطابق ٹیلس کے شیئرز کی موجودہ قدر سے تقریباً 60 فیصد زیادہ ہے۔

کینیڈا کی چوتھی بڑی ٹیلی کام کمپنی کیوبیکور نے 2023 میں اپنی ذیلی کمپنی ویڈیوٹرون کے ذریعے فریڈم موبائل حاصل کرنے کے بعد کاروبار میں نمایاں توسیع کی ہے۔ کمپنی نے اپنے صارفین کو موبائل سروس فراہم کرنے کے لیے حریف اداروں کے نیٹ ورکس سے بھی استفادہ کیا، جس سے اس کی مارکیٹ ویلیو میں اضافہ ہوا۔

دستیاب اعدادوشمار کے مطابق کیوبیکور کی مارکیٹ مالیت 14.77 ارب ڈالر جبکہ ٹیلس کی مارکیٹ مالیت 21.72 ارب ڈالر ہے۔ دونوں کمپنیوں کے انضمام کے بعد کیوبیکور مارکیٹ مالیت کے لحاظ سے راجرز اور بیل جیسی بڑی ٹیلی کام کمپنیوں سے بھی آگے نکل سکتی ہے۔

5G نیٹ ورک کی توسیع اور سستی سروسز فراہم کرنے کا منصوبہ

کیوبیکور کا مؤقف ہے کہ ٹیلس کے حصول سے ایک بڑی اور مؤثر کمپنی تشکیل پائے گی، جو کینیڈا کی دیگر قومی اور بین الاقوامی ٹیلی کام کمپنیوں کے ساتھ بہتر مقابلہ کرسکے گی۔

کمپنی کے مطابق معاہدے سے 5G نیٹ ورک کی تنصیب میں تیزی، دیہی علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ رابطوں کی بہتری اور صارفین کے لیے سستی ٹیلی کام سروسز کی فراہمی ممکن ہوگی۔

کیوبیکور کے صدر اور چیف ایگزیکٹو پیئر کارل پیلوڈو نے سی بی سی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کمپنیوں کے انضمام سے کاروباری اخراجات کم ہوں گے اور حاصل ہونے والی بچت کو نیٹ ورک کی جدید کاری اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

ان کے مطابق کمپنی ان مالی وسائل سے اپنے قرضوں میں کمی کے ساتھ نیٹ ورکس کو جدید بنانے اور نان ٹیریسٹریل نیٹ ورکس میں سرمایہ کاری بھی کرسکے گی۔کیوبیکور نے واضح کیا ہے کہ معاہدہ طے پانے کی صورت میں ٹیلس کے موجودہ برانڈز برقرار رکھے جائیں گے۔

معاہدے کے لیے حکومتی منظوری لازمی قرار

31 ارب ڈالر کے اس مجوزہ معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے کینیڈا کے مسابقتی بیورو، کینیڈین ریڈیو ٹیلی ویژن اینڈ ٹیلی کمیونیکیشنز کمیشن (سی آر ٹی سی) اور محکمہ انوویشن، سائنس اینڈ اکنامک ڈیولپمنٹ کی منظوری درکار ہوگی۔

کینیڈین حکومت پہلے ہی ٹیلی کام شعبے میں مسابقت بڑھانے کے لیے اقدامات کرچکی ہے، جن میں بڑی انٹرنیٹ کمپنیوں کو اپنے نیٹ ورکس چھوٹی اور حریف کمپنیوں کے لیے کھولنے کے ضوابط اور سستے موبائل پیکجز کی دستیابی کو فروغ دینا شامل ہے۔

کینیڈا کی وزیر صنعت میلانی جولی نے کہا ہے کہ حکومت کیوبیکور کی پیشکش سے آگاہ ہے اور اس کا مسابقتی بیورو اور سی آر ٹی سی آزادانہ اور سخت جانچ پڑتال کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں :کینیڈا ویمنز ہاکی ورلڈ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گیا، طلائی تمغے کے لیے روایتی حریف امریکہ سے ٹاکرا آج ہوگا

انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی، عالمی غیر یقینی صورتحال اور عوام پر بڑھتے معاشی دباؤ کے دوران حکومت کینیڈین شہریوں کے بہترین مفادات اور ملکی خودمختاری کو ترجیح دے گی۔

ٹیلس بورڈ کے تحفظات، پیشکش کی مالیت پر بھی اعتراض

دوسری جانب ٹیلس نے کیوبیکور کی پیشکش کا جائزہ لینے کے لیے اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو ممکنہ معاہدے کی مالی اور قانونی حیثیت کا جائزہ لے رہی ہے۔

ٹیلس کے بورڈ کے چیئرمین جان مینلی کے مطابق ابتدائی جائزے میں کئی اہم خطرات سامنے آئے ہیں، جن پر کیوبیکور نے ابھی تک تسلی بخش وضاحت فراہم نہیں کی۔

ان کا کہنا ہے کہ کیوبیکور نے یہ واضح نہیں کیا کہ موجودہ کینیڈین ٹیلی کام قوانین کے تحت مجوزہ معاہدے کی منظوری کس طرح حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس نوعیت کے بڑے معاہدے کی ریگولیٹری جانچ پڑتال طویل اور مہنگا عمل ثابت ہوسکتی ہے، جس کے اخراجات شیئر ہولڈرز کو برداشت کرنا پڑ سکتے ہیں۔

ٹیلس نے کیوبیکور کی جانب سے کمپنی کی مقرر کردہ مالیت پر بھی اعتراض اٹھایا ہے۔

جان مینلی کے مطابق ٹیلس کی انتظامیہ ان تحفظات پر کیوبیکور، حکومت اور متعلقہ ریگولیٹری اداروں سے رابطے جاری رکھے گی، جبکہ دیگر متبادل امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

صارفین کے ٹیلی فون بلوں پر بھی اثرات کا خدشہ

ٹیلی کام شعبے کے ماہرین کے مطابق ٹیلس اور کیوبیکور کے ممکنہ انضمام سے کینیڈا کی مارکیٹ میں مسابقت کا موجودہ توازن تبدیل ہوسکتا ہے۔ کیوبیکور کا دعویٰ ہے کہ اس معاہدے سے سرمایہ کاری بڑھے گی، نیٹ ورک بہتر ہوں گے اور صارفین کو سستی خدمات ملیں گی، تاہم ناقدین کو خدشہ ہے کہ دو بڑی کمپنیوں کے یکجا ہونے سے مارکیٹ میں مقابلہ کم ہوسکتا ہے، جس کے اثرات صارفین کے موبائل اور ٹیلی فون بلوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

فی الحال معاہدہ حتمی شکل اختیار نہیں کرسکا اور اس کا مستقبل ٹیلس بورڈ کے فیصلے، دونوں کمپنیوں کے مذاکرات اور کینیڈین حکومتی و ریگولیٹری اداروں کی منظوری سے مشروط ہے۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]