اردو ورلڈ کینیڈا( ویب نیوز ) امریکا کے شہر نیویارک میں ایک چھوٹا سی پلین مشرقی دریا (ایسٹ ریور) میں گر کر تباہ ہوگیا، تاہم بروقت امدادی کارروائی کے باعث طیارے میں سوار تمام 8 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق حادثہ دوپہر کے وقت پیش آیا، جس کے بعد ریسکیو اداروں کو فوری اطلاع دی گئی۔ امدادی ٹیمیں چند ہی لمحوں میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور طیارے میں پھنسے تمام افراد کو محفوظ طریقے سے باہر نکال لیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے طیارہ پانی میں سیدھا ہی موجود تھا، جس کی وجہ سے مسافروں کو نکالنے میں آسانی رہی۔ حادثے میں 2 افراد معمولی زخمی ہوئے، تاہم انہوں نے موقع پر طبی امداد حاصل کرنے سے انکار کر دیا۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ پائلٹ نے ہارڈ لینڈنگ کی، جس کے نتیجے میں طیارے کا ایک بازو ٹوٹ گیا اور وہ دریا میں جا گرا۔حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ طیارے کا معائنہ اور پائلٹ کے بیان سمیت دیگر شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔