اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکی ریاست فلوریڈا میں 9 افراد کو لے جانے والا نجی طیارہ رہائشی علاقے کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے۔ طیارہ زمین سے ٹکراتے ہی زوردار دھماکے کے ساتھ آگ کی لپیٹ میں آگیا، جبکہ حادثے کے مقام کے قریب موجود گھروں اور مصروف شاہراہ کو بھی خطرات لاحق ہوگئے تھے۔
امریکی حکام کے مطابق حادثہ اتوار کی دوپہر پام بیچ کاؤنٹی میں پیش آیا، جہاں لیک جیٹ 60 نامی نجی طیارہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 50 منٹ پر گر کر تباہ ہوا۔ عینی صورتحال کے مطابق طیارہ فضا سے تیزی کے ساتھ نیچے آیا اور زمین سے ٹکراتے ہی اس میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔
حادثے کے بعد جائے وقوعہ سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے، جبکہ آگ کے شعلے قریبی آبادی تک پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ طیارہ ایک مصروف شاہراہ کے قریب گرا، تاہم آگ کے شعلے آس پاس کے گھروں تک پھیلنے سے بال بال بچ گئے۔
طیارے میں سوار تمام 9 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے
امریکی وزیر ٹرانسپورٹیشن شان ڈفی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک سانحہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ طیارے میں موجود تمام 9 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
حادثے کے فوری بعد امدادی اداروں اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے سمیت امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ حکام نے علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے، جبکہ حادثے کے باعث قریبی سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔
ٹیکساس سے بہاماس جانے والا طیارہ راستے میں تباہ
حکام کے مطابق نجی طیارے نے ٹیکساس کے آسٹن برگسٹروم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز بھری تھی اور اسے بہاماس جانا تھا، تاہم منزل پر پہنچنے سے پہلے ہی یہ پام بیچ کاؤنٹی میں حادثے کا شکار ہوگیا۔
تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ طیارہ کس وجہ سے گر کر تباہ ہوا۔ حکام نے فوری طور پر ہلاک ہونے والوں کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :جنوبی البرٹا میں طیارہ حادثہ، دو افراد ہلاک، خراب موسم کے باعث تحقیقات میں مشکلات
ایف اے اے اور ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کی تحقیقات کا اعلان
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے حادثے کی تحقیقات میں معاونت کے لیے ٹیم روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس معاملے کی تحقیقات نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کرے گا، جو طیارے کے تباہ ہونے کے اسباب، پرواز سے متعلق دستیاب ریکارڈ اور دیگر شواہد کا جائزہ لے گا۔
تحقیقات کے ذریعے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ آیا حادثہ کسی تکنیکی خرابی، انجن کے مسئلے، موسم یا کسی دوسرے سبب کے باعث پیش آیا۔ تاہم حکام کی جانب سے حتمی نتائج سامنے آنے تک حادثے کی وجہ کے بارے میں کوئی حتمی بات نہیں کہی جاسکتی۔
حادثے کے بعد علاقے کی سڑکیں بند، بجلی بھی معطل رہی
حادثہ ملٹری ٹریل اور 10ویں ایونیو نارتھ کے قریب پیش آیا۔ پام بیچ کاؤنٹی شیرف آفس نے امدادی کارروائیوں اور تحقیقات کے پیش نظر علاقے کی دونوں اطراف کی سڑکیں بند کردیں اور شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی۔
فائر بریگیڈ اور دیگر امدادی ٹیموں نے جائے حادثہ پر کارروائیاں جاری رکھیں، جبکہ مقامی خاتون کے مطابق طیارہ گرنے کے بعد علاقے میں بجلی کی فراہمی بھی تقریباً دو گھنٹے تک معطل رہی۔
حادثے نے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیلا دیا، تاہم طیارے کے رہائشی گھروں سے فاصلے پر گرنے کے باعث قریبی مکانات بڑے نقصان سے محفوظ رہے۔ حکام کی جانب سے اب حادثے کی وجوہات اور ہلاک ہونے والوں کی شناخت سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
