اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کراچی کی ایک عدالت نے منشیات فروشی کے مقدمے میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کی سٹی کورٹ میں پیشی کو سیکیورٹی خدشات کے باعث خطرناک قرار دیتے ہوئے سماعت جیل میں کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
سیشن جج کراچی جنوبی عدالت نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ ریمانڈ کی کارروائی اب سٹی کورٹ کے بجائے سینٹرل جیل کمپلیکس میں کی جائے۔ عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ متعلقہ مجسٹریٹ خود جیل جا کر کارروائی مکمل کرے۔
عدالتی حکم کے مطابق یہ اقدام امن و امان کی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزمہ کی سٹی کورٹ میں پیشی کے دوران سیکیورٹی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
مقدمہ تھانہ بغدادی میں درج ہے، جس میں تعزیرات کی دفعہ 302 سمیت سنگین الزامات شامل ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ موجودہ حالات میں عوامی تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ ضروری ہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب پولیس نے عدالتی ریمانڈ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست بھی دائر کر دی ہے۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ آئندہ تمام کارروائی جیل کے اندر ہی مکمل کی جائے اور متعلقہ افسران فوری عملدرآمد یقینی بنائیں۔