اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کور کمانڈرز کانفرنس نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم، ماورائے عدالت قتل اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کی جدوجہد کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 275ویں کور کمانڈرز کانفرنس فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت منعقد ہوئی، جس میں مادرِ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ شہداء کی بے مثال قربانیاں پاکستان کی قومی سلامتی، اتحاد اور استحکام کی بنیاد ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ کانفرنس کے شرکاء نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، تیاری اور جنگی مہارت پر اطمینان کا اظہار کیا۔کانفرنس میں ملک بھر میں جاری انٹیلی جنس بیسڈ انسداد دہشتگردی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا اور کمانڈرز کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دہشتگرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔فورم نے آپریشن "غضبُ الحق” کے تحت دہشتگردوں اور ان کے ٹھکانوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ افغانستان میں قائم طالبان حکومت کی پالیسیوں کے باعث خوارج اور دیگر دہشتگرد تنظیموں کو محفوظ پناہ گاہیں مل رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان کی یہ پالیسی افغان عوام کے مفادات کے خلاف ہے اور حالیہ دنوں میں پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا ہے۔کانفرنس نے واضح کیا کہ پاکستان ان الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے اور اس کی دفاعی کارروائیاں صرف دہشتگردوں، ان کے ٹھکانوں اور دراندازوں کے خلاف محدود اور درست معلومات کی بنیاد پر کی جاتی ہیں۔علاقائی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کانفرنس میں کہا گیا کہ بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورتحال خطے کے استحکام پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔