اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی بات چیت کی۔
وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق کینیڈا کے وزیر اعظم نے پاکستان کی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا، جن کے نتیجے میں عارضی جنگ بندی ممکن ہوئی۔ انہوں نے پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے امریکا اور ایران کے مذاکرات کو بھی مثبت پیش رفت قرار دیا۔
گفتگو کے دوران کینیڈا کے وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات امن کی جانب ایک اہم قدم ہیں اور امید ظاہر کی کہ یہ عمل خطے میں کشیدگی میں کمی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کینیڈا پاکستان کے امن اور استحکام کے لیے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا، خاص طور پر زراعت، قابلِ تجدید توانائی، کان کنی اور معدنی وسائل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ساتھ ہی پاکستان میں کینیڈا کی سرمایہ کاری میں اضافے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کینیڈا کے وزیر اعظم کو مناسب وقت پر پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں قریبی رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔