اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)حکومت پنجاب نے بلوچستان کے ذہین طلبہ و طالبات کے لیے چار سو ساٹھ اسکالرشپس فراہم کر دی ہیں، جسے تعلیمی شعبے میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
بلوچستان حکومت کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ اسکالرشپس پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت فراہم کی گئی ہیں، اور ان کے حصول کے لیے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔اس اقدام پر بلوچستان کے عوام کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ پنجاب اور بلوچستان کے اشتراک سے ذہین طلبہ کے لیے معیاری تعلیم کے دروازے کھل گئے ہیں، اور یہ پروگرام اعلیٰ تعلیم تک رسائی کے مواقع بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف تعلیمی معیار بہتر ہوگا بلکہ مستحق اور باصلاحیت طلبہ کو برابری کی بنیاد پر مواقع بھی میسر آئیں گے۔ ان کے مطابق ماضی میں اعلیٰ تعلیمی اداروں تک رسائی محدود طبقات تک تھی، تاہم اب عام اور کم آمدنی والے گھرانوں کے بچے بھی ملک کے بڑے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک عام محنت کش اور ڈرائیور کے بیٹے کا بڑے تعلیمی ادارے میں داخلہ اس مثبت تبدیلی کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، جس کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔