ٹورنٹو میں شدید گرمی کی لہر، درجہ حرارت 37 ڈگری تک پہنچنے کا امکان

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)گریٹر ٹورنٹو ایریا (GTA) میں شدید گرمی اور حبس کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جو ہفتے کے اختتام تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ انوائرمنٹ اینڈ کلائمیٹ چینج کینیڈا (ECCC) نے ٹورنٹو کے لیے اورنج لیول ہیٹ وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بعض علاقوں میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ نمی کے باعث محسوس ہونے والا درجہ حرارت (ہیومیڈیکس) 40 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ بدھ اور جمعرات کو گرمی کی شدت اپنے عروج پر رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق اورنج لیول ہیٹ وارننگ ایک غیر معمولی صورتحال کی نشاندہی کرتی ہے، جس کا مطلب ہے کہ شدید گرمی کے اثرات وسیع پیمانے پر محسوس ہوں گے اور یہ کئی دن تک برقرار رہیں گے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ رات کے وقت بھی کم سے کم درجہ حرارت 20 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا، جس کے باعث گھروں اور عمارتوں کو ٹھنڈا ہونے کا مناسب موقع نہیں ملے گا، خصوصاً ان افراد کے لیے جن کے گھروں میں ایئر کنڈیشننگ موجود نہیں۔

محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی اور نمی کے باعث فضائی آلودگی میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے اور ایئر کوالٹی ہیلتھ انڈیکس بلند خطرے کی سطح کے قریب پہنچ سکتا ہے۔

سٹی نیوز کی چیف موسمیاتی ماہر نتاشا رامسہائی کے مطابق گرمی کی یہ لہر جمعہ کے آخر یا ممکنہ طور پر ہفتے تک برقرار رہے گی، جبکہ اتوار سے موسم میں بہتری اور نمی میں کمی آنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب ٹورنٹو کی میڈیکل آفیسر آف ہیلتھ ڈاکٹر مشیل مورٹی نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر بزرگ افراد، دائمی امراض میں مبتلا مریضوں، بے گھر افراد، کھلی فضا میں کام کرنے والے مزدوروں اور کم عمر بچوں کے لیے خطرات زیادہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یورپ میں جاری شدید گرمی کے دوران اندازاً 1,300 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، جن میں زیادہ تر بزرگ اور تنہا رہنے والے افراد شامل تھے، اور اسی طرح کے خطرات ٹورنٹو میں بھی موجود ہیں۔

شدید گرمی کے پیش نظر شہر ٹورنٹو نے عوام کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، جن میں سوئمنگ پولز کے اوقات کار میں توسیع اور کولنگ سینٹرز کا قیام شامل ہے۔

شہری حکومت کے مطابق شہر بھر میں 500 سے زائد کول اسپیسز دستیاب ہیں، جہاں لوگ گرمی سے بچنے کے لیے جا سکتے ہیں۔ ان میں لائبریریاں، کمیونٹی سینٹرز، سرکاری عمارتیں، سوئمنگ پولز، اسپلش پیڈز، منتخب شاپنگ مالز اور دیگر شراکت دار اداروں کی عمارتیں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ 136 اسپڈائنا پر 24 گھنٹے کھلا رہنے والا کولنگ سینٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ شہر کے آٹھ آؤٹ ڈور سوئمنگ پولز کے اوقات کار بڑھا کر رات 11:45 بجے تک کر دیے گئے ہیں تاکہ شہری شدید گرمی کے دوران ریلیف حاصل کر سکیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں