اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )چین کے معروف تھنک ٹینک سینٹر فار چائنا اینڈ گلوبلائزیشن (CCG) کے نائب صدر ڈاکٹر وکٹر گاؤ نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نوبل انعام کے امیدوا ربن سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر وکٹر گاؤ نے ایک انٹرویو میں پاکستان کی حالیہ سفارتی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد نے مختلف علاقائی تنازعات میں کشیدگی کم کرنے اور فریقین کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ سفارتی کوششیں مستقل بنیادوں پر جاری رہیں اور ان کے نتیجے میں خطے میں پائیدار امن اور استحکام قائم ہوا تو عالمی برادری بھی ان اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھے گی، جس کے باعث پاکستانی قیادت کو بین الاقوامی سطح پر نمایاں پذیرائی مل سکتی ہے۔
ڈاکٹر وکٹر گاؤ کے مطابق کسی بھی رہنما کو نوبل امن انعام دلانے میں اس کی عملی خدمات، دیرپا نتائج اور عالمی امن کے فروغ میں مؤثر کردار بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، اس لیے مستقبل میں ہونے والی پیش رفت اس حوالے سے فیصلہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔دوسری جانب چینی قیادت نے بھی مختلف مواقع پر پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ نوبل امن انعام ناروے کی نوبل کمیٹی کی جانب سے نامزدگیوں اور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق دیا جاتا ہے، جبکہ کسی شخصیت کے بارے میں اس طرح کے بیانات ذاتی رائے یا تجزیے کے طور پر شمار کیے جاتے ہیں اور انہیں نوبل کمیٹی کا باضابطہ مؤقف نہیں سمجھا جاتا۔