ایران کا مذاکرات پر مؤقف برقرار،قیادت میں اتحاد کا اعلان، عالمی کشیدگی برقرار

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)ایران کے صدارتی دفتر نے واضح کیا ہے کہ انصاف، وقار اور دانش مندی کی بنیاد پر مذاکرات کا دروازہ اب بھی کھلا ہے، تاہم اس کے لیے عملی سنجیدگی اور اعتماد سازی ناگزیر ہے۔

صدارتی ترجمان مہدی طباطبائی نے ایک بیان میں ملکی قیادت کے درمیان اختلافات کی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قیادت مکمل اتحاد اور ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کسی ملک کا نام لیے بغیر کہا کہ مخالفین سیاسی پروپیگنڈا کے ذریعے غلط تاثر پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور انہیں چاہیے کہ بے بنیاد الزامات گھڑنے کے بجائے اپنی وعدہ خلافی، دباؤ اور فریب کاری سے باز آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سنجیدہ اور باوقار انداز میں بات چیت کی جائے تو ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی اپنے بیان میں اسی مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ حقیقی مذاکرات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹیں وعدہ خلافی، اقتصادی ناکہ بندی اور دھمکیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران ہمیشہ سے مذاکرات اور معاہدوں کا حامی رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا، لیکن عالمی برادری واضح طور پر دیکھ رہی ہے کہ بعض طاقتوں کے بیانات اور عملی اقدامات میں تضاد پایا جاتا ہے۔

ایرانی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کی جانب سے ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کے دوسرے دور کی بات کی جا رہی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں عندیہ دیا کہ بات چیت کا اگلا مرحلہ جلد متوقع ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فوج کو ہدایت دی گئی ہے کہ ناکہ بندی برقرار رکھی جائے اور ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہا جائے، جبکہ جنگ بندی کو عارضی طور پر جاری رکھا جا رہا ہے۔

ادھر وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے وضاحت کی ہے کہ ایران کے ساتھ غیر معینہ مدت کے لیے جنگ بندی نہیں کی گئی، بلکہ ایران کو چند متفقہ تجاویز پیش کرنے کے لیے محدود وقت دیا گیا ہے۔

موجودہ صورتحال میں دونوں جانب سے بیانات کا تبادلہ جاری ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگرچہ مذاکرات کے امکانات موجود ہیں، تاہم باہمی اعتماد کی کمی اور سخت مؤقف کشیدگی کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں