اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے عام انتخابات کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں انتخابات 27 جولائی کو منعقد ہوں گے۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے کشمیری مہاجرین کے لیے مختص 12 نشستیں برقرار رکھنے کی قرارداد منظور کی تھی۔
منظور شدہ قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مہاجرین کی نمائندگی ایک تاریخی اور آئینی حقیقت ہے اور اسے انتخابی نظام کا حصہ رہنا چاہیے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ انتخابی نظام میں موجود پیچیدگیوں کو دور کرنے اور سیاسی جماعتوں کے لیے اسے قابلِ قبول بنانے کے لیے ضروری اصلاحات اسمبلی کے ذریعے کی جا سکتی ہیں۔
قرارداد کے مطابق آئینی اصلاحات عوام کے منتخب نمائندوں کا اختیار اور مینڈیٹ ہیں، لہٰذا اس عمل کو قانون ساز اسمبلی کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے آگے بڑھایا جانا چاہیے۔ اس میں یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ اصلاحات کے معاملے پر سیاسی جماعتوں، بار ایسوسی ایشنز، بار کونسل، سول سوسائٹی اور آئینی ماہرین سے مشاورت کی جائے۔
الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے بعد سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کی توقع ہے اور مختلف جماعتیں اپنی انتخابی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔