اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کی سپریم کورٹ نے برٹش کولمبیا میں ایک ایسے جوڑے کی اپیل سننے سے انکار کردیا ہے جس نے مشترکہ طور پر گھر خریدا تھا، تاہم جائیداد کی ملکیت میں غیر ملکی شوہر کا حصہ صرف 5 فیصد ظاہر کیا گیا تھا، حالانکہ گھر کی خریداری کی 40 فیصد رقم اسی نے ادا کی تھی۔ عدالت کے فیصلے کے بعد جوڑے کو پوری جائیداد کی مارکیٹ ویلیو پر غیر ملکی خریدار ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق یہ معاملہ برٹش کولمبیا کے شہر رچمنڈ میں ایک اپارٹمنٹ کی خریداری سے متعلق ہے، جہاں ایک کینیڈین خاتون چیا وین ہسیا اور ان کے غیر ملکی منگیتر لی یوان چوانگ نے 2014 میں پری سیل معاہدے کے تحت مشترکہ طور پر گھر خریدا تھا۔
جائیداد کی رجسٹریشن میں 95 فیصد ملکیت کینیڈین خاتون جبکہ صرف 5 فیصد ان کے غیر ملکی ساتھی کے نام درج کی گئی تھی۔ تاہم بعد میں سامنے آیا کہ گھر کی مجموعی قیمت کا 40 فیصد حصہ غیر ملکی شخص نے ادا کیا تھا۔
جوڑے نے خریداری کے وقت غیر ملکی خریدار ٹیکس صرف اس 5 فیصد حصے پر ادا کیا جو غیر ملکی شہری کے نام رجسٹرڈ تھا، لیکن بعد ازاں ٹیکس حکام کے آڈٹ میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹیکس پوری جائیداد کی مارکیٹ ویلیو پر واجب الادا ہے۔
چینی رسم و رواج کو ٹیکس سے استثنیٰ کی بنیاد بنایا گیا
کینیڈین خاتون نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ چینی ثقافت میں شوہر کی جانب سے بیوی کو گھر خرید کر دینا شادی کے موقع پر دلہن کو قیمت یا تحفہ دینے کی روایت کا حصہ ہے۔
ان کے مطابق ان کے شوہر نے اپنی مالی حیثیت کے مطابق گھر کی قیمت کا کچھ حصہ ادا کیا تھا، جبکہ جائیداد کی زیادہ ملکیت ان کے نام رکھی گئی تھی۔
جوڑے نے مؤقف اختیار کیا کہ پوری جائیداد کی مالیت پر غیر ملکی خریدار ٹیکس عائد کرنا انتہائی غیر منصفانہ ہے، کیونکہ غیر ملکی شریک مالک کا رجسٹرڈ حصہ صرف 5 فیصد تھا۔
عدالت نے ٹیکس حکام کا مؤقف برقرار رکھا
برٹش کولمبیا کی سپریم کورٹ نے 2024 میں جوڑے کی قانونی درخواست مسترد کردی تھی، جس کے بعد معاملہ صوبائی اپیل کورٹ پہنچا۔ اپیل کورٹ نے بھی رواں سال ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ اگر جائیداد کی ملکیت خریداری میں دونوں افراد کی حقیقی مالی شراکت کے مطابق رجسٹرڈ کی جاتی تو پوری جائیداد پر ٹیکس عائد ہونے سے بچا جاسکتا تھا۔
صوبائی حکومت نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بالواسطہ ملکیت کے ذریعے ٹیکس سے بچنے کی کوششوں کو روکنے کے لیے یہ قانون بنایا گیا ہے۔
جمعرات کو کینیڈا کی سپریم کورٹ نے بھی جوڑے کی اپیل سننے کی اجازت دینے سے انکار کردیا، جس کے بعد اس معاملے میں عدالتی کارروائی کا راستہ بند ہوگیا ہے۔
ایک لاکھ 26 ہزار ڈالر سے زائد اضافی ٹیکس واجب الادا
عدالتی ریکارڈ کے مطابق اپارٹمنٹ کی خریداری کے وقت اس کی اعلان کردہ قیمت 474,500 ڈالر تھی، جبکہ برٹش کولمبیا کی وزارت خزانہ کے ایک ٹیکس تجزیہ کار نے جوڑے پر واجب الادا اضافی ٹیکس کی رقم ایک لاکھ 26 ہزار ڈالر سے زیادہ بتائی تھی۔
برٹش کولمبیا میں غیر ملکی خریدار ٹیکس جائیداد کی مارکیٹ ویلیو کا 20 فیصد ہے۔ رچمنڈ کے ایوانتی رچمنڈ کمپلیکس میں واقع اس دو بیڈ روم اپارٹمنٹ کی تازہ ترین تخمینہ شدہ مالیت 820,000 ڈالر بتائی گئی ہے۔
جوڑے کے وکیل ماساؤ موریناگا نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ عدالتی سطح پر یہ معاملے کا آخری مرحلہ ہے۔ انہوں نے موجودہ قانون سازی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کی عبارت ایسے حالات کو بھی اپنی گرفت میں لے لیتی ہے جہاں نتائج غیر منصفانہ ہوسکتے ہیں۔
