اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈا میں برفانی کھیلوں کی دنیا سوگ میں ڈوب گئی ہے، جہاں مشہور اور لیجنڈری کوچ ارنی “پنچ” مک لین 93 سال کی عمر میں ایک ٹریفک حادثے میں چل بسے۔
انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں ہاکی کے شائقین، کھلاڑیوں اور تنظیموں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔مقامی پولیس کے مطابق یہ حادثہ شمالی برٹش کولمبیا میں ڈیاس لیک سے تقریباً 30 کلومیٹر جنوب میں پیش آیا، جہاں ایک گاڑی سڑک سے پھسل کر کھائی میں جا گری۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے میں گاڑی میں موجود صرف ایک ہی شخص جان کی بازی ہار گیا، اور حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ارنی مک لین نے اپنے کیریئر میں ویسٹرن ہاکی لیگ میں 16 سیزنز تک کوچنگ کی۔ وہ نیو ویسٹ منسٹر برونز اور ایسٹوان برونز کے ساتھ منسلک رہے اور اپنی قیادت میں ٹیموں کو شاندار کامیابیاں دلوائیں۔ انہوں نے ایسٹوان برونز کو 1968 میں لیگ کا ٹائٹل جتوایا، جبکہ بعد ازاں نیو ویسٹ منسٹر برونز کے ساتھ 1975 سے 1978 تک مسلسل چار سال لیگ چیمپئن شپ جیتی۔ان کی کوچنگ میں ٹیم نے دو بار میموریل کپ بھی جیتا، جو 1977 اور 1978 میں حاصل کیا گیا۔
اس طرح وہ ویسٹرن ہاکی لیگ کی تاریخ کے واحد کوچ بن گئے جنہوں نے پانچ بار چیمپئن شپ جیتی۔ اپنے طویل کیریئر میں انہوں نے 100 سے زائد کھلاڑیوں کو قومی ہاکی سطح تک پہنچنے میں مدد دی۔کینیڈین ہاکی برادری اور مختلف تنظیموں نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وینکوور کینکس نے سوشل میڈیا پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ارنی مک لین ایک ایسی شخصیت تھے جنہیں کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ ان کے مطابق وہ ایک عظیم کوچ اور بے مثال رہنما تھے جنہوں نے اپنی زندگی کھیل اور کھلاڑیوں کے لیے وقف کر دی۔
ویسٹرن ہاکی لیگ نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ مک لین کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور وہ لیگ کی تاریخ کا ایک روشن باب تھے۔ لیگ کے مطابق انہوں نے 1067 سے زائد میچوں میں کوچنگ کی اور کینیڈا کی انڈر 20 ٹیم کو 1979 میں عالمی چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ دلانے میں بھی کردار ادا کیا۔ان کی وفات اس وقت ہوئی جب صرف چند روز قبل ہی ان کے نام پر ایک فاؤنڈیشن نے نیو ویسٹ منسٹر کے کوئینز پارک ایرینا میں ان کے اعزاز میں مجسمہ نصب کرنے کی مہم کا آغاز کیا تھا۔ خود ارنی مک لین بھی اس تقریب میں شریک ہوئے تھے، جہاں انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
پولیس کے مطابق حادثے میں گاڑی اچانک سڑک سے ہٹ گئی اور ڈھلوان سے نیچے جا گری، جس کے باعث ڈرائیور گاڑی سے باہر جا گرا اور جانبر نہ ہو سکا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔کینیڈا کی ہاکی تاریخ میں ارنی “پنچ” مک لین کو ایک ایسے کوچ کے طور پر یاد رکھا جائے گا جنہوں نے نہ صرف ٹائٹلز جیتے بلکہ سینکڑوں کھلاڑیوں کے کیریئر کو بھی نکھارا۔